ایک خوبصورت نعت

ایک خوبصورت نعت

ناروے۔ منہاج القرآن آسٹریا کے معروف رہنما محمد نعیم رضا کی معراج النبی ۖپر لکھی گئی ایک خوبصورت نعت ۖقارئین کی نظر۔
عظمتِ معراج النبیۖ
اَسْرٰیکے آئینے میں ہے مدحت حضور کی
اﷲ نے دکھائی ہے عظمت حضور کی
نور و بشر ہیں پردۂ ذاتِ محمد یۖ
معراج میں کھلی ہے حقیقت حضور کی
باندھے صفیں ہیں مقتدی سب انبیأ تمام
مانی ہے ہر کسی نے امامت حضور کی
آدم ہوں ابراھیم ہوں، موسی ہوں یا مسیح
ازل و ابد محیط رسالت حضور کی
جلتے ہیں جبرائیل کے پر جس مقام پر
اَرفع ہے اُس مقام سے رفعت حضور کی
قَوسَین دے رہا ہے شہادت حضور کی
دو گام لا مکاں ہے مسافت حضور کی
سِرِّ دنیٰ کو پا سکے کیونکر خِرد میری
اﷲ ہی جانے ، اﷲ سے قربت حضور کی
محبوبِ کبریا کا تصرُّف تو دیکھیے
ہر گوشۂ زمیں پہ حُکومت حضور کی
ہر گوشۂ زمیں کی حکومت پہ بس نہیں
کون و مکاں حضور کے ،جنت حضور کی
معراجِ مصطفیۖ کے صدقے میں اے رضا
ہم عاصیوں کو مل گئی نسبت حضور کی
محمد نعیم رضا کو حضور نبی کریم ۖ کی شان میں خوبصورت کلام لکھنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا ہے کہ اللہ پاک اپنے پیارے حبیب ۖ کے صدقے میںان کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ اقدس میں قبولیت عطا فرمائے ۔امین ۔

عقیل قادرناروے۔

اپنا تبصرہ لکھیں