میلہ اسٹاک ہوم



اسٹاک ہوم(رپورٹ : عارف کسانہ) سویڈن میںمقیم پاکستانی اپنی ثقافت کو سویڈن میں رہنے کے باوجود بھی نہیں بھولے اور وہ دنیا کے شمالی خطہ میں اس کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ کچھ اسی سلسلہ میںگذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی اسٹاک ہوم میں سالانہ پاکستان میلے کا راویتی جوش و خروش کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔ یہ میلہ سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کا ایک سالانہ تہوار بن چکا ہے جو انہیں تفریح اور ایک ساتھ مل بیٹھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بہت خوشگوار موسم میںمیلے میں لوگوں کی ایک بڑی تعدادشریک تھی۔ خواتین اور بچے روائتی پاکستانی لباس کے ساتھ میلہ میں موجود تھے ۔ کھانے پینے کی مختلف چیزوں کے سٹال جن میں سموسے، پکوڑے، کباب ، مٹھائیاں اور دیگر روایتی پاکستانی کھانوں کی مہلک نے سب کو اپنی طرف متوجہ کیے رکھا جبکہ خواتین کپڑوں اور جیولری کی خریداری میں مصروف تھیں اور کچھ سارہ لاشاری سے مہندی لگوا نے کے لیے اپنی باری کا انتظار کررہی تھیں۔ میلے کے شرکاء کے لیے ایک تفریحی پروگرام بھی پیش کیا گیا جس کی میزبانی سہیل صفدر، محمد فاروق، زوہیب اسلم اور بشری ٰ سہیل نے کی۔



اس موقع پر ذہنی آزمائش کے مقابلے، موسیقی، اسٹیج شو، علاقائی رقص اور دوسری سرگرمیوں سے شرکاء بہت لطف اندواز ہوئے۔ اس موقع پر راجہ ناظم کی طرف سے پر قرعہ اندازی میں شرکاء میں سے ایک کو لند ن کا ہوائی ٹکٹ دیا گیا۔ صوبہ کے پی کے اور پنجاب کی ٹیموں کے مابین رسہ کشی کے مقابلے کو کے پی کے کی ٹیم کے جوانوں نے جیت لیا۔ انجنئیر منیب بشیر چوہدری اور رخسار منیب چوہدری جن کی اُس دن شادی کی پہلی سالگرہ تھی تھی انہیں اسٹیج پر بلوا کراُن سے ذہنی ہم آہنگی کے بارے مختلف سولات کے گئے جن کے انہوں نے درست جوابات دے کر نہ صرف شرکاء سے دادحاصل کی بلکہ میلہ انتظامیہ سے انعامات بھی حاصل کیے۔ میلے کے آخر میں پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور میلہ انتظامیہ کی جانب سے آصف بٹ، چوہدری ظفر، چوہدری رحمت، حاجی مختار، علی لاشاری اور دیگر نے شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں