’ہماری تلواروں سے لڑائی کرائی جائے ‘ شوہر نے بیوی سے طلاق کیلئے عدالت سے حیران کن درخواست کردی

’ہماری تلواروں سے لڑائی کرائی جائے ‘ شوہر نے بیوی سے طلاق کیلئے عدالت سے حیران کن درخواست کردی

میاں بیوی کے درمیان طلاق کا تصفیہ عموماً تلخیوں سے بھرپور معاملہ ہوتا ہے لیکن امریکہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کے ساتھ طلاق کے تصفیے کے لیے عدالت سے ایسی درخواست کر دی کہ سن کر جج بھی حیران رہ گیا۔

کیرل ٹائمز ہیرالڈ کے مطابق امریکی ریاست کینسس کے شہر پاﺅلا کے رہائشی ڈیوڈ اوسٹروم نامی اس شخص کا اپنی 38سالہ بیوی بریجٹ اوسٹروم کے ساتھ طلاق کا مقدمہ چل رہا تھا۔ گزشتہ روز مقدمے کی سماعت شیلبے کاﺅنٹی کورٹ میں ہو رہی تھی کہ اس دوران ڈیوڈ نے جج سے درخواست کر ڈالی کہ وہ اس کی اور بریجٹ کی تلواروں سے لڑائی کروانے کی اجازت دے دیں اور جو جیت جائے اس کا موقف مان لیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ نے اپنی درخواست میں یہ بھی لکھا کہ اس لڑائی میں جاپانی ساختہ تلواریں استعمال کی جائیں گی۔ ڈیوڈ کا عدالت میں کہنا تھا کہ اس کی سابق بیوی نے اسے قانونی طور پر تباہ کر دیا ہے اور اب تلواروں کی جنگ ہی اس مسئلے کا حل ہے۔ اس نے جج سے درخواست کی کہ اسے تلواروں کا انتظام کرنے کے لیے 12ہفتے کا وقت دیا جائے۔ ڈیوڈ نے اپنی اس درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ”آج تک امریکہ میں لڑائی کے ذریعے مقدمے کا فیصلہ کرنے پر پابندی نہیں لگائی گئی۔ عالمی تاریخ میں بھی اس کی مثالیں ملتی ہیں۔ “

ڈیوڈ نے عدالت میں کہا کہ ”ایک برطانوی عدالت میں 1818ءمیں تلواروں کی لڑائی کے ذریعے مقدمے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ امریکہ کے قانون کی بنیاد بھی چونکہ برطانوی قانون ہے لہٰذا یہاں بھی اس کی اجازت دی جانی چاہیے۔“ عدالت نے تاحال ڈیوڈ کی اس درخواست پر فیصلہ نہیں سنایا۔ اگر عدالت ڈیوڈ کی درخواست منظور کر لیتی ہے تو امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار عدالت میدان جنگ بنے گی اور تلواروں کی لڑائی کے ذریعے فیصلہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں