پاکستان کی اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ٹیم ناروے کپ کے کوارٹر فائینل میں پہنچ گئی

سٹاک ہوم(عارف کسانہ) پاکستان کی اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ٹیم ناروے کپ کے کوارٹر فائینل میں پہنچ گئی ہے۔ تیسرے میچ میں فین نیس کلب کی ٹیم کے خلاف ایک ایک سے برابر رہا مگر پہلے دونوں میچ جیت کر بہتر کارکردگی کی بنیاد پر سات پوائنٹس حاصل کرکے کورٹر فائینل تک رسائی حاصل کرلی۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے نارویجین کلب بین فورڈ کو صفر کے مقابل میں چھ گول سے ہرا کر دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے میچ کے پہلے ہاف میں پاکستانی ٹیم کو تین صفر کی برتری حاصل تھی جبکہ باقی تین گول دوسرے ہاف میں ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد یاسر، اسیس، محمد رزاق( کپتان)، طلحہ، محمد ایاز اور نوید حمید نے گول کیے۔ اپنے پہلے میچ میں ناروے کی ایک اہم ٹیم لامبر سیتر کلب کا ایک صفر سے شکست دے کر سب کو حیرت ذدہ کرکے اپنا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔ سویڈن کے شہر گوتھن برگ میں دنیا کا سب سے بڑا فٹ بال ٹورنامنٹ گوتھن کپ کے بعد یہ دنیا کادوسرا بڑا فٹ بال ٹورنامنٹ ہے جو ناروے کپ کے نام سے 1972 سے جاری ہے جس میں دنیا کے55 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور پہلی بار اس میں پاکستان کی نمائدگی ہورہی ہے۔ ۔پاکستانی ٹیم سولہ کھلاڑیوں اور پانچ آفیشلز پر مشتمل ہے۔ ٹیم میں دس سے انیس سال کے لڑکے شامل ہیں۔ ناروے کپ میں شرکت کے بعدپاکستانی بچوں کی ٹیم سویڈن، ڈنمارک، ہالینڈ، بیلجئم، جرمنی اور فرانس کا دورہ کرے گی اور کچھ دوستانی میچ بھی کھیلے گی اور ٩ اگست کو پیرس سے وطن روانہ ہوجائے گی۔ ۔ واضع رہے اس ٹیم نے اسی سال برازیل میں ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں وکٹری سٹینڈ پر اپنی جگہ بنا لی اور تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں