فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ

1

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ محفوظ کرلیا ، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو ریسلنگ رنگ بنا رکھا ہے، کل سے نوٹس دینا بند کرکے کسی بھی فریق کو سنے بغیر ہی اپنے دفتر میں بیٹھ کر فیصلہ جاری کر دیں گے۔
تفصیلا ت کے مطابق الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی تو پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے آج بھی فارن فنڈنگ کا ریکارڈ جمع نہیں کرایا گیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ چار سال سے ہمارا وقت ضائع ہو رہا ہے، آپ کو آج پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دو ہفتے میں تفصیلات دینے کا حکم دیا ہے اور اس مدت میں ریکارڈ جمع کرادیں گے، عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی کے ساتھ تفصیلات شیئر نہیں کرے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلے ریکارڈ تو دیں پھر کسی کے ساتھ شیئر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا، گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی نے آج فارن فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا، آپ کی تاخیر سے کیا تاثر لینا چاہیے، آپ نے الیکشن کمیشن کو ریسلنگ رنگ بنا کر رکھ دیا ہے، تین سال سے آپ کا موقف واضح نہیں ہوسکا، ہم کسی فریق کو سنے بغیر ہی فیصلہ دے دیں گے۔ کل سے آپ کو نوٹس دینا بند کردیں گے اور اپنے دفتر میں بیٹھ کر حکم جاری کریں گے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو بعد میں سنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں