سیالکوٹ میں دینی اجتماع

سیالکوٹ( )آج جب کہ افق پر مادیت اور الحاد کی تاریک گھٹائیں چھا رہی ہیں اور فسق و فجور کی شعلہ بار آندھیاں گلشن انسانیت کو ویران کرنے کیلئے پر تول رہی ہیں ایسے پر فتن دور میں ہدایت کی راہ ان ہی نفوس قدسیہ کا اسوہ حسنہ ہے کہ جن کی جبین نیاز بارگاہ صمدیت میں ہمیشہ سجدہ ریز رہیں اور جن کے چہروں کی تابانیاں باطل کی تاریکیوں سے ہمیشہ ستیزہ کار رہیں۔ان عظم ہستیوں میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ،داتا گنج بخش علی ہجویری ،خواجہ معین الدین چشتی، امام علی الحق شہیدسیالکوٹی،خواجہ زندہ پیر ،مولانا محمد الیاس عطارقادری و دیگر نمایاں امتیاز کے حامل ہیں کہ جن کی تعلیم و تبلیغ سے لاکھوں گمرہ لوگوں کو راہ ہدایت نصیب ہوئی ۔ان خیالات کا اظہار عالمی مبلغ اسلام ،رکن مجلس شوریٰ دعوت اسلامی وکیل عطارحاجی محمد اظہر قادری نے گزشتہ روز جامعہ عطاریہ للبنات گل بہار خورد میں ایک دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرایم ایل اے مسلم لیگ ن محمد اسحاق چوہدری ،رانا محمد عارف اقبال ہرناہ ،چوہدری مقصود علی وڑائچ ،فرحت عباس ایڈووکیٹ ،حاجی مرید حسین ،قاری ضیاء محی الدین قادری،حاجی محمد اسلم سمیت عاشقان رسولۖ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔وکیل عطار نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں جہاں سے علم و حکمت کے سرچشمے پھوٹتے ہیں اور ان مدارس کا کردار ہر دور میں بہت بلند وبالا رہا ہے۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مدارس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور یہی مومن کا قیمتی اثاثہ ہے۔تقریب سے علامہ مفتی خادم حسین خادم قادری،قاری محمد سہیل عطاری ،محمد شاہد عطاری ،محمد شہباز عطاری و دیگر نے بھی خطاب اور ہدیہ نعت بحضور سرور کونینۖ پیش کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں