سفارت خانہ پاکستان میں عید میلاد النبی کی تقریب

سفارت خانہ پاکستان میں عید میلاد النبی کی تقریب
ڈیپٹی ہیڈ آف مشن عرفان احمد کا شرکاء کو خوش آمدید۔
جمیل احسن اکادمی ادبیات کے سویڈن میں نمائیدہ ۔عارف کسانہ اوورسیز پاکستانیوں کی ایڈوائزری کونسل کے سویڈن سے رکن مقرر
سفیر پاکستان احمد حسین ڈھائیو کا خصوصی خطاب

melad2

رپورٹ : عارف محمود کسانہ اسٹاک ہوم ، سویڈن

melad stockholm
سویڈن میں پاکستان کے سفارت خانہ نے رسول اکرم ولادت با سعادت کے مناسبت سے تقریب منعقد کرنے کی روایت برقرار رکھی ہے اور اس مرتبہ بھی عید میلاد النبی کے حوالے سے سفارت خانہ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ سفارت خانہ کے قونصلر عرفان احمد نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ؐکی ولادت کے موقع پر تقریب منعقد کرنا ہمارے لئے باعث سعادت ہے۔ تقریب کا آغاز سردار تیمور خان کی تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ محمد آصف، کاشف عزیز بھٹہ اور محمد افضل فاروقی نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ ایشین اردو سوسائیٹی کے صدر جمیل احسن نے نعت گوئی کے حوالے سے اظہار خیال کیا اور چند معروف شعراء کی نعتیہ شاعری سے کچھ اشعار پیش کیے۔ انہوں نے اپنا نعتیہ کلام بھی پیش کیا۔ علامہ ذاکر حسین نے قرآن حکیم کی روشنی میں مقام رسالت اور حضور کی عظمت بیاں کی۔ انہوں نے سیرت رسول سے کچھ واقعات بھی پیش کئے اور اس ضرورت پر زور دیا کہ ہمیں رسول اکرم ؐسے محبت کا ثبوت آپ کی پیروی کرکے دینا ہو گا۔ انہوں نے پاکستان کے سفارت خانہ کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کی تقریب منعقد کرنے کو بہت سراہا۔ عارف کسانہ نے بھی عید میلادالنبی ؐ کے حوالے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سفارت خانہ کے قونصلر عرفان احمد نے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جمیل احسن کو اکادمی ادبیات نے سویڈن میں اپنا نمائیدہ مقرر کیا ہے جبکہ عارف کسانہ کو اوورسیز پاکستانیوں کی ایڈوائزری کونسل کا سویڈن سے رکن مقرر کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد حسین ڈھائیو نے کہا کہ ہمارے لئے اس سے بڑی اور کیا سعادت ہو سکتی کہ ہم آج عید میلاد النبی کی تقریب میں یہاں جمع ہیں اور ہم یہ سلسلہ آئیندہ بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا یہ تسلیم کیا ہے کہ رسول اکرم نے ایک انقلاب برپا کیا۔ ہمارے لئے نبی اکرم کی زندگی کے ہر شعبہ میں بہترین لائحہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور کی ہجرت بھی ہمارے لئے ایک انقلاب کا پیغام لئے ہوئے ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ سویڈن آکر مجھے اس بات کی خوشی ہوئی ہے کہ یہاں کی پاکستانی کمیونٹی بہت فعال اور سویڈن معاشرہ میں باعزت مقام کی حامل ہے۔ انہوں نے کہ سویڈن کے بادشاہ سے ملاقات میں جب انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی تعریف سنی تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا۔ عید میلاد النبی کی تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔

melad3

اپنا تبصرہ لکھیں