سعودی عرب کا ائیرپورٹ تباہی سے بال بال بچ گیا

سعودی عرب کا ائیرپورٹ تباہی سے بال بال بچ گیا

سعودی عرب کا ایک ایئرپورٹ بڑی تباہی سے بال بال بچ گیا جسے دھماکہ خیز مواد سے بھر ڈرون طیارے کے ذریعے اڑانے کی کوشش سعودی سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی ہے۔ دی مرر کے مطابق یہ ڈرون طیارہ سعودی عرب کے شہر جیزان (Jizan)کے ایئرپورٹ کی طرف بڑھ رہا تھا جب سکیورٹی فورسز نے ریڈار کے ذریعے اس کا سراغ لگا لیا اور اسے تباہ کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق جیزان سعودی عرب کا سرحدی شہر ہے جو یمن کے بارڈر سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے۔ سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ”یہ ڈرون طیارہ یمن میں موجود حوثی باغیوں کی طرف سے لانچ کیا گیا تھا اور اس میں اتنا دھماکہ خیز مواد تھا کہ ایئرپورٹ پر بڑی تباہی آ سکتی تھی۔ “ اس سے قبل حوثی باغیوں کے زیرانتظام چلنے والے ٹی وی چینل ’مسیراہ‘ (Masirah)پر اس بات کا اعتراف کیا گیا اور بتایا گیا کہ حوثیوں کی طرف سے ایک ڈرون سٹرائیک کی گئی ہے جس میں جیزان کے ایئرپورٹ پر واقع ملٹری ہینگرز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ واضح رہے کہ یمن میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے حوثی باغی سعودی عرب پر کئی میزائل حملے کرنے کی کوشش کر چکے ہیں تاہم ہر بار سعودی سکیورٹی فورسز نے میزائلوں کو نشانے پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔ حالیہ ہفتوں میں ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں