جشنِ آزادی کے حوالے سے پروگرامز

ایم سی آئی اورسی ڈی اے نے جشنِ آزادی کے حوالے سے پروگراموں کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی، جشنِ یومِ آزادی کے حوالے سے 13 اگست رات 12 بجے پریڈ گراؤنڈ شکر پڑیاں میں آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا، جسمیں فنکار اور گلوکار قومی اور ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کریں گے ، پروگرام میں داخلہ فری ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباداور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد میں جشنِ آزادی کے حوالے سے مختلف پروگراموں کے انعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یوم آزادی 14 اگست کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف رنگا رنگ پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ شہری اس موقع پر بھر طور پر جشنِ آزادی منا سکیں۔ جشنِ یومِ آزادی کے حوالے سے 13 اور14 اگست کی درمیانی شب رات 12 بجے  پریڈ گراؤنڈ شکر پڑیاں پر عظیم الشان آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا ،  اس موقع پر ملک کے معروف فنکار اور گلوکار قومی اور ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کریں گے،  آتش بازی کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کے لیے انٹری فری رکھی گئی ہے۔اسی طرح پاکستان کی ثقافت ، روایات اور تاریخ کو اجاگر کرنے کے لیے 14 اگست کو اسلام آباد کے آرٹس اینڈ کرافٹس ویلج میں آزادی میلے کا انعقاد کیا جائے گا، اس موقع پرتمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نامور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ،اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں کے فن و ثقافت کی نمائش کے لیے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ یوم آزادی کے موقع پر جڑواں شہروں اسلام آباد و راولپنڈی سے آنے والے سائیکلیسٹس کے لیے آزادی سائیکل ریس اور ریلی کا انتظام بھی کیا گیا ہے، آزادی سائیکل ریس کا آغاز آرٹس اینڈ کرافٹس ویلج سے کیا جائے گا جو براستہ زیرو پوائنٹ ، آئی ایٹ انٹر چینج اور گارڈن ایونیو واپس آرٹس ایند کرافٹس ویلج اختتام پذیر ہو گی۔یوم آزادی کے موقع پر بچوں کی تفریح کے لیے آزادی ٹرین کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ آزادی ٹرین کاسفر روز اینڈ جیسمین گارڈن سے شروع کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں