بس ڈرائیور کی مخبری پر ائیرلائن کا پائلٹ گرفتار، مسافروں کی جانیں بال بال بچ گئیں

بس ڈرائیور کی مخبری پر ائیرلائن کا پائلٹ گرفتار، مسافروں کی جانیں بال بال بچ گئیں

برطانیہ میں بس ڈرائیور کی مخبری پر ایک جاپانی پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو ایسی حالت میں پرواز اڑانے جا رہا تھا کہ اگر سینکڑوں مسافروں کی زندگیاں داﺅ پر لگ جاتیں۔ میل آن لائن کے مطابق جاپان ایئرلائنز کے اس 42سالہ پائلٹ کاتسوتوشی جتسوکاوا کو لندن میں گرفتار کیا گیا جب وہ پرواز جے ایل 44کو ٹوکیو لیجانے کے لیے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پہنچا۔ کاتسوتوشی نے شراب پی رکھی تھی ، وہ جس بس پر بیٹھ کر ایئرپورٹ پہنچا اس کے ڈرائیور نے اس کی سانس سے اندازہ لگالیا کہ اس نے شراب پی رکھی ہے اور پولیس کو اس کی اطلاع دے دی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے کاتسوتوشی کو گرفتارکرکے اس کے ٹیسٹ کروائے تو ان کے جسم میں شراب کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی۔ اس پرواز میں 244مسافر سفر کرنے والے تھے جو پائلٹ کی گرفتاری کی وجہ سے ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ لندن پولیس کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ”پائلٹ کے 100ملی لیٹر خون کے نمونے میں 189ملی گرام شراب کی موجودگی کی تصدیق ہوئی جو پائلٹس کے لیے مقررہ حد سے 10گنا زیادہ تھی۔ پائلٹس کے لیے مقررہ حد 20ملی گرام رکھی گئی ہے۔اسے آئیل ورتھ کراﺅن کوٹ میں پیش کر دیا گیا ہے جہاں سے اسے 29نومبر کو سزا سنائی جائے گی۔“

اپنا تبصرہ لکھیں