ناروے میں موسم سرماء کی چھٹیاں

ناروے کے بیشتر تعلیمی اداروں میں موسم سرماء کی چھٹیاں شروع ہو چکی ہیں۔کئی نارویجن خاندان موسم سرماء کی برف اور اسکیٹنگ سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہاڑوں پر بنی کاٹجز میں اپنے خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ جا چکے ہیں۔شہروں میں ہو کا عالم ہے۔بازاروں اور ریستورانوں میں بہت کم نارویجن نظر آ رہے ہیں۔
اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اکثریت جمعہ کے روز ہی اپنا سامان اپنی کاروں میں لاد کر پہاڑوں کی جانب عازم سفر ہو گئی تھی تا کہ بعد میں ٹریفک کا رش انہیںپریشان نہ کرے۔بسوں ٹرینوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹوں میں رش نہ ہونے کے برابر ہے۔پہاڑوں پر بنے کاٹجز میں سیاح ناروے کے قومی اور پسندیدہ کھیل اسکیٹنگ سے لطف اندوز ہوں گے۔
محکمہء موسمیات کے مطابق ناروے کے مشرقی حصے میں واقع بلند مقامات پر موسم اچھا ہو گا جبکہ مغربی علاقوں میں بھی خوب ٹھنڈ ہو گی ۔تاہم چھٹیوں کے ابتداء میں ان علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔جس کی وجہ سے اسکیٹنگ میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔البتہ دو تین روز کے بعد موسم بہتر ہو جائے گا۔
جبکہ شمالی ناروے میں دو ہفتے کے سخت موسم کے بعد بہتری کی امید ہے ۔اس کے ساتھ ہی تازہ برفباری کا بھی امکان ہے جس کی وجہ سے کچھ پھسلن ہو سکتی ہے۔اسی طرح جنوبی ناروے میں بھی موسم کی بہتری کا امکان ہے۔
کئی نارویجن جنوبی یورپ اور ایشیائی ممالک کی جانب سیاحت کی غرض سے عازم سفر ہو گئے ہیں۔
NTB/UFN

اپنا تبصرہ لکھیں