بیٹوں کے سر سے باپ کا سایہ جو ہٹ گیا

 پرویز پری پیکر
selected by 
Tariq Ashraf
بیٹوں کے سر سے باپ کا سایہ جو ہٹ گیا
اتنا بڑا مکان تھا حصّوں میں بٹ گیا
 
کہتے ہیں نقشِ پا کہ رُکا تھا وہ دیر تک
دستک دیے بغیر جو در سے پلٹ گیا
 
میں خود ڈرا ہوا تھا پہ ہمّت سی آ گئی
جب بچّہ ڈر کے میرے گلے سے لپٹ گیا
 
ثابت ہوا کہ میری زمیں مجھ کو راس تھی
آ کر بلندیوں میں مرا وزن گھٹ گیا
 
سب اہلِ خانہ کے ہیں تقاضے جدا جدا
پرویز میرا پیار تو ٹکڑوں میں بٹ گیا
اپنا تبصرہ لکھیں