مرد کو ہینڈل کرنا دراصل۔۔۔

مرد کو ہینڈل کرنا دراصل۔۔۔
انتخاب غزالہ نسیم
مرد کو ھینڈل کرنا اصل میں یہ سیٹ ھی عورت کی ھے،،عورت ھی اس کو پیدا کرتی ھے ،زنانہ وارڈ میں اس کا نزول ھوتا ھے،عورتیں ھی اس کو خوش آمدید کہتی ھیں،، عورت ھی اسے پالتی اور اس کی تربیت کرتی ھیں اچھی ھو یا بری، پھر ھار سنگھار کر کے اسے دوسری عورت کو سونپ دیتی ھے،، لہذا ھر ماں یہ دیکھ لیا کرے کہ وہ اپنا لعل کس کو سونپ رھی ھے ! اس کی میت بھی عورتوں میں ھی پڑی ھوتی ھے،مرد صرف غسل دینے کے لیئے اٹھانے آتے ھیں ! عورت کے بگاڑے کو عورت ھی سدھار سکتی ھے، ماں کے بگاڑے ھوئے کو بیوی ھی سدھار سکتی ھے ،، اور ماں کے سدھارے کو بیوی ھی بگاڑ سکتی ھے،، اس کا پاس ورڈ password ازل سے عورت کے پاس ھے،، اور یہ ھمیشہ ماں یا بہنوں یا بیوی کے درمیان فٹ بال بنا رھتا ھے جو اپنی اپنی مرضی کی گیم اس پر کھیلتی اور اس کی سیٹنگز تبدیل کرتی رھتی ھے،، ماں کی سیٹنگز بیوی رات کو تبدیل کر دیتی صبح اماں ایک پھونک سے وہ ھٹا کر دوبارہ فیکٹری سیٹنگز ریسٹور کر لیتی ھے،، بس اتنی ساری مرد کہانی ھے ! عموماً اماں جی اپنی سلطنت میں اضافے کے لئے بیٹے کو بطورِ چارہ استعمال فرماتی ھیں تا کہ کسی غیر کی پالی پوسی پڑھی پڑھائی بیٹی ھاتھ آ جائے اور یوں وہ اپنے اختیارات کو دو گھروں تک وسیع کر لیں ! اس کے لئے شادی سے پہلے ھنگامی دورے ھوتے ھیں، لنچ کہیں اور ھوتا ھے تو برنچ کہیں اور ڈنر کہیں اور ھوتا ھے تو ونر کوئی اور ،، اس بھاگ دوڑ کے بعد آخر ایک گھر منتخب کر لیا جاتا ھے اور یوں مچھلی پکڑ کر گھر لائی جاتی ھے،، شادی کے بعد ٹیسٹ کیس کے طور پر اماں جی اپنی بیٹیوں اور بہو کا تقابل کرتی ھیں،، کوشش کرتی ھیں کہ بہو اور بیٹا جہاں جائیں ایک آدھ بہن ساتھ جائے جو ان کی سرگرمیوں میں نظر رکھے – اگر بہن کو بھی ساتھ لے کر جانا ھے تو پھر بہتر ھے ھنی مون پہ نہ ھی جایا جائے ،، کیونکہ اس میں دو نقصانات ھوتے ھیں،، پہلا تو یہ کہ جس محبت کے ماحول کے لئے انسان جاتا ھے وہ کبھی حاصل نہیں ھوتا،،یہ ایسا ھی سماں ھوتا ھے جیسے افطاری سے پہلے پکوڑے سموسے اور روح افزاء سامنے رکھ کر بیٹھنے والوں کا ھوتا ھے،، بہن بھی کوشش کرتی ھے کہ وہ نہ صرف بھابھی اور بھائی کو خلوت میسر نہ آنے دے بلکہ وہ بس میں بھی کوشش کر کے میاں بیوی کے درمیان دیوارِ برلن بن کر بیٹھتی ھے،دوسرا بہن واپس آکر جو غلط رپورٹنگ کرتی ھے وہ فساد کی پہلی چنگاری ھو تی ھے،، یوں ماں کو بیٹا ھاتھ سے جاتا نظر آتا ھے اور اسے احساس ھوتا ھے کہ کشمیر لیتے لیتے مشرقی پاکستان بھی ھاتھ سے گیا ! دوسرا ٹیسٹ یہ ھوتا ھے کہ بیٹا جو چیز اپنی بیوی کے لئے خریدے وھی چیز بہن کے لئے بھی خریدے ،، چاھے وہ سونا ھو یا کپڑا ! سوال یہ ھے کہ بیٹے نے دو شادیاں نہیں کیں کہ وہ دونوں میں انصاف کرے،، زیادہ جنتی جوان سوچتے ھیں کہ بہن کے لئے پیسے نہیں تو بیوی کے لئے بھی تحفہ نہیں خریدنا،، یوں بھاوج اور نند کا تنازعہ شروع ھوتا ھے،، تنازعات میں مرد کی اھمیت بڑھ جاتی ھے،، زیادہ تر مرد مارکیٹنگ کے اس دور میں اپنی مارکیٹ ڈاؤن نہیں ھونے دیتے، وہ ماں کو بھی گولی دیتے ھیں اور بیوی کو کیپسول،، جو ایک طرف کا ھو جائے وہ چلا ھوا کارتوس گنا جاتا ھے – مگر مرد ری فِل قسم کا کارتوس ھے،ذرا سا بیوی کی طرف سے شکوہ پیدا ھوا تو اسے اپنا ریٹ گرتا ھوا محسوس ھوتا ھے،، اب یہ اس بہن کے گھر جا گھسے گا جو بیوی کی سب سے زیادہ مخالف ھے، کھانا وھاں سے کھا کر آئے گا،، اور منہ سوجا سوجا سا بنا لے گا چاھے اس بہن نے کچھ بھی نہ کہا ھو، بیوی کھانے کو پوچھے گی تو بتائے گا،، بہن کے یہاں کھا آیا ھوں،، بیوی کا تراہ نکل جائے گا، اب وہ اس رویئے کا ذمہ دار نند کو سمجھے گی،،یوں پھر قبضے کی جنگ شروع ھو جائے گی اور مرد کی مارکیٹ چڑھ جائے گی ،، یہ بیوی کی کچھ باتیں ماں سے شیئر کرتا رھتا ھے یوں ماں کی گڈ بُکس میں رھتا ھے،اور جنت کی ریزرویشن پکی رکھتا ھے اور فی الآخرۃِ حسنۃ کا پتہ ھاتھ میں رکھتا ھے ،ادھر ماں کی دو چار باتیں بیوی کو بتا کر فی الدنیا حسنۃ بھی کیش میں لیتا ھے،، بس تھوڑی سی ذلالت اس دن ھو جاتی ھے جس دن وہ لڑائی میں ایک دوسرے کو بتا دیتی ھیں کہ اگر میری تمہارے ساتھ کی ھے تو تمہاری بھی مجھے بتاتا ھے، ! یہ ایک فساد ٹائپ گھر کا ماحول ھے مگر بدقسمتی یہ ھے کہ یہ اکثریت کا فسانہ ھے ! اس قسم کے ماحول میں پیدا ھونے والے بچے ھر وقت جنگ کے ماحول میں پلتے بڑھتے ھیں – دادی ،اور پھوپھو کو اپنی والدہ کا دشمن سمجھتے ھیں، والد کو بھی بے انصاف سمجھتے ھیں، مجبوراً والد کے ساتھ جڑے رھتے ھیں مگر اندر سے اس کے مخالف ھوتے ھیں،،حالانکہ مرد اگر اپنی بیوی اور ماں سے مخلص نہ بھی ھو تو بھی اولاد کے ساتھ 100٪ مخلص ھوتا ھے،،لیکن یہی وہ جگہ ھے جہاں انسان نہ آگے کا رھتا ھے اور نہ پیچھے گا،، آپ گرم دیگچے کو کرتے ھیں مگر گرم سالن ھوتا ھے،،اور آپ ٹھنڈا برتن کو کرتے ھیں مگر ٹھنڈا سالن ھوتا ھے،، جس عورت کی گود میں آپ نے اپنا مستقبل اور دل کا ٹکڑا رکھا ھے اسے تتے توے پر بٹھا کر آپ کیسے گمان کر لیتے ھیں کہ اولاد ٹھنڈی رھے گی ؟ اب اولاد نہ تو پھوپھو کے گھر سے شادی کرتی ھے اور نہ چچا کے گھر سے،، یہی وجہ ھے کہ خاندان میں رشتوں کی بجائے باھر کا رجحان ھے،ایک تو یہ ڈر ھوتا ھے کہ جو ھم نے کیا ھوا ھے اس کے نتیجے میں کہیں ھماری بیٹی کے ساتھ بدلہ نہ چکایا جائے،، دوسرا طرف عورت کو یہ ھوتا ھے کہ جنہوں نے زندگی بھر میرے شوھر کے کان بھرے ھیں وہ میرے بیٹے کو کب بخشیں گے، اس طرح دونوں فریق اپنے کیئے سے ڈرتے ھوئے رشتوں کے لئے باھر دھکے کھا رھے ھوتے ھیں !اگر آپ چاھتے ھیں کہ آپکی اولاد آپ سے پیار کرے آپ سے مخلص رھے، اور اچھی تعلیم و تربیت پائے تو بیوی کے ساتھ تعلقات کو کبھی خراب مت ھونے دیں،،

ماخوذ

ایمان

مرد کو ہینڈل کرنا دراصل۔۔۔“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ لکھیں