یورپی ملک آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے مچھیروں نے 8 فٹ لمبی بلوفن ٹونا مچھلی پکڑی ہے جس کا وزن 300 کلوگرام ہے، یہ مچھلی جاپان میں انتہائی متبرک سمجھی جاتی ہے جس کے باعث وہاں یہ بہت ہی مہنگی فروخت ہوتی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس مچھلی کو جاپان میں بیچا جائے تو اس کی قیمت 27 لاکھ پاﺅنڈ (52 کروڑ 15 لاکھ روپے) ہوسکتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آئرلینڈ کے علاقے ویسٹ کارک چارٹرز سے تعلق رکھنے والے ڈیو ایڈورڈز اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ مچھلی کا شکار کر رہے تھے جب ان کے ہاتھ بلوفن ٹونا مچھلی لگی۔ رواں سال آئرش مچھیروں کی جانب سے پکڑی جانے والی یہ اب تک کی سب سے بڑی بلوفن ٹونا ہے۔
بلوفن ٹونا کی افزائش نسل کیلئے ہر سال آئرلینڈ میں ’ بلوفن ٹونا کو پکڑو اور چھوڑو‘ کے نام سے مہم چلائی جاتی ہے۔ یہ مہم 15 اگست سے 15 اکتوبر تک جاری رہتی ہے جس کے دوران مچھیرے بلوفن ٹونا کو پکڑتے ہیں اور اس کی پیمائش اور وزن کرنے کے بعد اسے چھوڑ دیتے ہیں۔
رواں برس آئرلینڈ کے مغربی ساحل کی طرف 15 کشتیاں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ ڈیو ایڈورڈز اپنے ساتھیوں ڈیرن اوسلیوان اور ہینک ویلڈ مین کے ساتھ شکار پر نکلے ہوئے ہیں۔ ڈیو نے بتایا کہ اتوار کے روز شکار کے دوران انہیں ایک 10 فٹ لمبی مچھلی نظر آئی لیکن کچھ ہی دیر میں وہ نظروں سے اوجھل ہوگئی ۔ ’ مہم ختم ہونے والی ہے اس لیے ہم امید چھوڑ ہی رہے تھے کہ ڈھائی گھنٹے کے اندر ہمارے ہاتھ یہ 8 فٹ لمبی مچھلی لگی جس کو ہم نے کشتی میں کھینچ لیا اور اس کو پیمائش کرنے کے بعد واپس پانی میں چھوڑ دیا۔
Recent Comments