اگلے سال پوری پی ایس ایل پاکستان میں ہو گی لیکن میچ کون کونسے شہروں میں کھیلے جائیں گے؟ احسان مانی نے شاندار اعلان کر کے قوم کو خوش کر دیا

اگلے سال پوری پی ایس ایل پاکستان میں ہو گی لیکن میچ کون کونسے شہروں میں کھیلے جائیں گے؟ احسان مانی نے شاندار اعلان کر کے قوم کو خوش کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں ایڈیشن پاکستان میں ہی کھیلا جائے گا جس کے میچ صرف کراچی اور لاہور نہیں بلکہ 4 سے 5 شہروں میں کرائے جانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کے میچز زیادہ سے زیادہ شہروں میں کرائے جانے کی کوشش کریں گے البتہ چار شہروں میں یقینی طور پر کرکٹ کا میلہ سجے گا مگر کوشش کریں گے کہ پانچ شہروں میں میچ ہوں تاکہ تمام شہروں پر کم سے کم بوجھ پڑے۔

اس موقع پر انہوں نے سندھ حکومت اور کراچی انتظامیہ کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے تمام وسائل پی ایس ایل میچوں کی کامیابی کیلئے مختص کئے اور جس طرح کا تعاون انہوں نے پیش کیا، دیگر شہروں کیلئے یہ بہت بڑا چیلنج ہو گا، لاہور میں میچ نہ ہونے کا افسوس ہے مگر یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں تھا، اگلے سال راولپنڈی، ملتان اور اس کے علاوہ ایک اور دو سٹیڈیمز میں میچ کھیلے جائیں البتہ حتمی فیصلہ کرنا ابھی باقی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام پچھلے سال سے جاری ہے جبکہ راولپنڈی میں ابھی کافی کام کرنا ہے جس میں سے کچھ کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملتان میں بھی کام ہو رہا ہے اور یقینی طور پر وہاں میچ کروائے جائیں گے تاہم ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان میں 11 سال سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوئی اس لئے سٹیڈیمز کے معیار کو بہتر بنانے میں ایک سے دو سال کا عرصہ لگ جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں