نایاب کتاب کا نسخہ چوری‎

                       وسیم ساحل
Waseem Hyder

کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کتاب میلے میں نوبیل انعام یافتہ کولمبین ناول نگار گیبریل گارشیا مارک   ناول ’تنہائی کے سو سال‘ کا دستخط شدہ  نایاب نسخہ نمائش کے دوران چوری ہوگیا ۔

یہ کتاب میلہ گیبریل گارشیا مارکیز سے منسوب کیا گیا تھا۔

کتاب میلے کے دوران سنیچر کی شام کو بوگوٹا کے کوفیریاز سینٹر سے ایک مقفل کیبنٹ سے غائب ہوگئی۔
پولیس نمائش کے مقام کی ویڈیو فوٹیج دیکھ رہی ہے تاکہ کتاب چوری کرنے والے کے بارے میں پتہ لگایا جا سکے۔

جنوبی امریکہ میں سب سے زیادہ مقبول اس کتاب میلے کا مرکزی خیال ایک تصوراتی شہر ماکوندو سے ماخوذ تھا جس کا ذکر گارشیا مارکیز نے اپنے ناول ’تنہائی کے سو سال‘ میں کیا تھا۔

سنہ 1982 میں ادب کا نوبیل انعام حاصل کرنے والے ادیب گیبریل گارشیا کی گذشتہ برس موت کے بعد ان کے ناولوں کے پہلے ایڈیشنز کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

سنہ 1967 میں شائع ہونے والے ناول ’تنہائی کے سو سال‘ کا پہلا نسخہ پرانی کتابوں کے ایک تاجر الوارو کاسٹیلو نے سنہ 2006 میں یوراگوئے کے دارالحکومت مونٹیوڈیو سے خریدا تھا۔

بعدازاں گیبریل گارشیا مارکیز نے اس کتاب پر اپنے دستخط کیے اور اسے الوارو کاسٹیلو کے نام یہ الفاظ لکھے تھے: ’الوارو کاسٹیلو کے لیے، پرانی کتابیں فروخت کرنے والا، آج اور ہمیشہ کے لیے، تمہارا دوست، گابو۔‘

ایک اندازے کے مطابق اس کتاب کی قیمت 60 ہزار امریکی ڈالر ہے، تاہم اس کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ ان کے نزدیک انمول ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں