گمشدہ لڑکا چار سال بعد دیوار سے برآمد

 waseem hyder

       امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ایک 13 سالہ لڑکا جو چار سال پہلے گم ہو گیا تھا، ایک گھر کی مصنوعی دیوار کے پیچھے سے ملا ہے۔

لڑکے کا نام جاری نہیں کیا گیا۔ اس نے اپنی جگہ کے بارے میں اپنی ماں کو ایس ایم ایس کر کے بتا دیا، جس نے پولیس کو خبر کر دی۔

پولیس نے لڑکے کو برآمد کر کے ماں کے حوالے کر دیا ہے۔

لڑکے کے باپ اور ایک عورت کو بچوں پر ظلم اور قید میں رکھنے کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس سارجنٹ کیون ہیوز نے کہا کہ لڑکے کے والد اور سوتیلی ماں نے لڑکے کی قید کے بارے میں لاعلمی ظاہر کی ہے۔

پولیس نے جمعے کی رات کلیٹن کے علاقے میں واقع اس مکان کا معائنہ کیا تھا لیکن انھیں گمشدہ لڑکے کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق جب انھوں نے چند گھنٹے بعد دوبارہ تلاشی لی تو انھیں گراج میں ایک الماری کے پیچھے سے لڑکا ملا۔

سارجنٹ جواین سدرلینڈ نے ڈبلیو ایس بی ٹی وی کو بتایا کہ لڑکا خوف کی وجہ سے صدمے کی حالت میں تھا لیکن آزاد ہونے پر بےحد خوش ہوا۔

ڈبلیو ایس بی ٹی وی کے مطابق لڑکے کی ماں نے بچوں کی فلاح کے حکام کو اس کی گمشدگی کا بتایا تھا لیکن پولیس میں رپٹ درج نہیں کروائی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں