ڈاکٹر شہلا گوندل
ایک غزل، دو دن کی مشقت اور ایک مہربان ناقد کا فیصلہ
شاعری کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں۔ خصوصاً جب شاعرہ نے مشاعرے میں شرکت کا ارادہ کر لیا ہو اور اوپر سے کسی لمبی بحر کا انتخاب بھی کر لیا ہو۔
ہم نے بھی ایک روز بڑے جوش و خروش سے اعلانِ جہاد کیا کہ اس مرتبہ مشاعرے میں ایک ایسی غزل پیش کریں گے جس کی بحر بھی طویل ہو اور زمین بھی ذرا زرخیز۔ چنانچہ بحر منتخب ہوئی:
متفاعلن متفاعلن متفاعلن متفاعلن
اب یہ بحر تھی یا چار منزلہ عمارت، جس کی ہر منزل پر متفاعلن کا چوکیدار کھڑا تھا۔ ایک رکن ذرا ادھر ادھر ہوا نہیں کہ پوری عمارت زمین بوس!
زمین بھی طے کر لی:
اعتبار کہاں رہا
اب دو دن تک ہم نے اپنے سر، دماغ، لغت، عروض اور تخیل سب کو ایک ہی کام پر لگا دیا۔ کبھی لفظ بحر میں فٹ ہوتا تو خیال وزن سے باہر نکل جاتا، کبھی خیال قابو میں آتا تو قافیہ بغاوت پر اتر آتا۔ ردیف اپنی جگہ ڈٹی ہوئی تھی اور شاعرہ اپنی جگہ۔
بالآخر ایک غزل وجود میں آئی۔ وہی غزل جس کے ہر مصرعے کے پیچھے ایک آدھ گھنٹے کی ذہنی مشقت، شوہرِ نامدار کی ڈانٹ ڈپٹ اور کئی مرتبہ اپنی ادبی صلاحیتوں پر شک کرنے کی داستان تھی۔
خوشی خوشی ایک دوست کو بھیجی کہ ذرا اصلاح و تنقید سے نوازیں۔ دوست نے ایک نظر ڈالی اور فرمایا:
“اس میں ربط نہیں ہے۔”
اب ہم نے سوچا کہ شاید دو دن کی مشقت میں ربط کہیں راستے میں رہ گیا ہے۔ فوراً اپنی غزل کا پوسٹ مارٹم کیا۔ ایک مصرعے میں جہاں پہلے “لمس” تھا، وہاں سے لمس کو باقاعدہ فارغ کر کے “ربط” کو ملازمت دے دی۔
مصرع کچھ یوں ہو گیا:
“کہ جو ربط ایک لطیف سا تھا”
اب ہم نے دوست کو دوبارہ غزل بھیجی اور بڑے اعتماد سے بتایا کہ دیکھیے، آپ کی نشاندہی پر ربط بھی شامل کر دیا ہے۔
مگر دوست پھر بھی مطمئن نہیں ہوئیں۔
یہاں آ کر ہمیں اندازہ ہوا کہ مسئلہ غزل میں ربط کا نہیں، شاید شاعرہ اور ناقد کے درمیان ربط کا ہے۔
ہم نے عرض کیا کہ حضور! آپ نے ربط مانگا تھا، ہم نے لمس کی قربانی دے کر ربط مہیا کر دیا۔ اب مزید کیا چاہیے؟ کوئی ربط نامہ بھی ساتھ نتھی کر دیں؟
لیکن ان کا فیصلہ اٹل تھا۔
“شاعری چھوڑو، نثر لکھو!”
اب آپ ہی بتائیے، یہ بھی کوئی بات ہوئی؟ بندہ دو دن تک بحر کے ساتھ کشتی لڑے، الفاظ کو تراشے، قافیوں کو منائے، ردیف کو سنبھالے، اپنے خیالات کو متفاعلن کے چار چار پہرے داروں کے حوالے کرے اور آخر میں اسے مشورہ ملے کہ بی بی! یہ سب چھوڑو، نثر لکھو۔
گویا کسی نے پہاڑ سر کرنے والے کو مشورہ دیا ہو کہ میاں! سیڑھیاں استعمال کر لیا کرو۔
ویسے نثر لکھنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔ آخر ہم نے زندگی میں اتنے لوگوں کی نثر برداشت کی ہے کہ اب اپنی بھی لکھ ہی سکتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہر وہ غزل جس میں کسی ناقد کو ربط دکھائی نہ دے، شاعرہ کی طرف سے نثر کی درخواست تصور کر لی جائے؟
اور پھر یہ ربط بھی کوئی عام شے تو نہیں۔ کبھی دلوں میں ہوتا ہے، کبھی مصرعوں میں، کبھی دو انسانوں کے درمیان اور کبھی صرف شاعرہ کے ذہن میں۔ ناقد کو نظر نہ آئے تو اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ ربط سرے سے موجود ہی نہیں!
ہمارا خیال ہے کہ شاعری میں ربط تلاش کرنے والوں کو کبھی کبھی شاعر کے ذہن میں بھی جھانک لینا چاہیے۔ البتہ اس کے لیے اجازت درکار ہو گی، کیونکہ وہاں اس وقت متفاعلن کی چار چار قطاریں لگی ہوئی ہیں اور کسی غیر متعلقہ شخص کا داخلہ ممنوع ہے۔
فی الحال ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ شاعری نہیں چھوڑیں گے۔ زیادہ سے زیادہ بحر بدل لیں گے، قافیہ بدل لیں گے، ردیف بدل لیں گے، دوست بدلنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، لیکن شاعری چھوڑنے کا مشورہ ابھی زیرِ غور نہیں۔
اور ہاں! اگر اگلی غزل میں بھی ربط نہ ملا تو ہم ایک نثری غزل لکھیں گے، جس میں نہ بحر ہو گی، نہ قافیہ، نہ ردیف، نہ وزن۔
صرف ایک مصرع ہو گا:
اعتبار کہاں رہا!
اور اس کے نیچے لکھ دیں گے:
ناقدین کی نذر، مع ربط و ضبط!

Recent Comments