نیویارک شہر میں سرکاری اور پرائیویٹ عمارتوں کی دیواروں میں اور پارکوں اور شاپنگ سنٹرز میں ستونوں اور بینچوں میں یو ایس بی ڈرائیوز گڑی نظر آتی ہیں اور یہ نظارہ شہر بھر میں جابجار آتا ہے اور یہ واقعی حقیقت ہے کہ آپ کو راہ چلتے کسی بھی عمارت کی دیوار سے باہر نکلتا ہوا یو ایس بی کنیکٹر نظر آ سکتا ہے اور اس کے ساتھ لیپ ٹاپ لگا کر ڈیٹا کی منتقلی بھی کی جا سکتی ہے۔
دراصل یہ عجیب و غریب کام ایک آرٹسٹ کے پراجیکٹ کا حصہ ہے جس نے شہر بھر میں ایک آف لائن بے نام نیٹ ورک تخلیق کیا ہے۔ جرمن آرٹسٹ ارام بارتھول نے نہ صرف خود شہر میں جگہ جگہ یو ایس بی ڈرائیوز دیواروں میں نصب کی ہیں بلکہ عام لوگوں کو بھی دعوت دی ہے کہ وہ اس پراجیکٹ میں حصہ لیں۔ بارتھول کا آئیڈیا اس قدر مقبول ہوا کہ اب بے شمار لوگ جگہ جگہ ڈرائیوز دیواروں میں گاڑھ چکے ہیں اور اسی بے نام نیٹ ورک کو فائلز اپ لوڈ اور ڈاﺅن لوڈ کرنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ آپ کسی بھی جگہ نصب یو ایس بی ڈرائیو کے ساتھ اپنے لیپ ٹاپ یا سمارٹ فون کو کنیکٹ کریں تو اس میں موجود طرح طرح کی فائلز آپ کو ملیں گی جو آتے جاتے لوگوں نے ان میں رکھی ہوتی ہیں اور اسی طرح آپ جو فائلز لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہیں تو کہیں بھی کسی بھی یو ایس بی پر کاپی کر سکتے ہیں۔