ہوائی جہاز کا مسافر جہاز سے نیچے کود گیا

ہوائی جہاز کا مسافر جہاز سے نیچے کود گیا

امریکی شہر فوئنکس کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ دنوں ایک مسافر نے ساتھی مسافروں کے چہروں پر ایک پراسرار قسم کے محلول کا سپرے کیا اور پھرجہاز سے نیچے چھلانگ لگا دی، جس پر پورے ایئرپورٹ پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ فوئنکس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج صبح 6بج کر 12منٹ پر پیش آیا۔ یہ مسافر امریکن ایئرلائنز کی مینیاپولس سے آنے والی پرواز میں فوئنکس پہنچا تھا۔

جب جہاز فوئنکس ایئرپورٹ پر آ کر رکا تو مسافر اپنی سیٹ سے اٹھا اور تیزی کے ساتھ متعدد مسافروں کے چہروں پر سپرے کرتا ہوا دروازے کی طرف بڑھتا چلا گیا۔ ابھی سیڑھی بھی نہیں لگی تھی چنانچہ اس نے جہاز سے نیچے تارکول پر چھلانگ لگا دی۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق یہ مسافر 25سالہ نوجوان تھا جسے چھلانگ لگانے سے معمولی چوٹیں آئیں۔ دوسری طرف جن مسافروں کے چہروں پر اس نے سپرے کیا وہ بھی محفوظ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس مسافر نے دیگر مسافروں کے چہروں پر کس چیز کا سپرے کیا تھا اور اس کا مقصد کیا تھا۔اس نوجوان کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں