کشمیر پر آواز اٹھانے والے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستانی اعزاز سے نوازنے کیلئے وزیر اعظم اور آرمی چیف کو خط لکھ دیا گیا

کشمیر پر آواز اٹھانے والے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستانی اعزاز سے نوازنے کیلئے وزیر اعظم اور آرمی چیف کو خط لکھ دیا گیا

کشمیریوں کی حمایت میں آواز اٹھانے والے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای اور برطانوی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ سمیت عالمی شخصیات کو پاکستانی ایوارڈز سے نوازنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو خط ارسال کر دیا گیا ہے۔

خط لاہور سے ایڈووکیٹ میاں داؤد نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سول ایوارڈ سے نواز کر کشمیریوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمان سوشل میڈیا پر یو اے ای حکومت کے اقدام کی مذمت کر رہے ہیں لیکن کے اس کے باوجود کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے والی تمام عالمی شخصیات بشمول انسانی حقوق کے رہنما قابل تحسین ہیں۔

میاں داؤد ایڈووکیٹ نے خط میں وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کی مزید اخلاقی حوصلہ افزائی کیلئے پاکستانی حکومت پاکستان میں کشمیر ایشو پر عالمی کانفرنس بلائے اور اس عالمی کشمیر کانفرنس میں ایرانی سپریم لیڈر، برطانوی ممبر پارلیمنٹ سمیت عالمی شخصیات اور انسانی حقوق کے رہنمائوں کو مدعو کیا جائے، اس عالمی کانفرنس میں کشمیریوں کی حمایت کرنیوالے ایرانی سپریم لیڈر اور برطانوی ممبر پارلیمنٹ کو ایوارڈز سے نوازا جائے جبکہ کشمیریوں کی حمایت پر دیگر عالمی شخصیات اور انسانی حقوق کے رہنمائوں کو بھی ایوارڈز سے نوازا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ عالمی شخصیات کو کشمیر ایوارڈز دینا بھارتی بربریت سے لڑنے والے کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزا ہوگا جبکہ عالمی شخصیات کو کشمیر ایوارڈز دینا یو اے ای حکومت کو بھی سفارتکارانہ انداز میں اظہار ناپسندیدگی کا پیغام ہوگا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عالمی رہنماؤں کی کشمیر کانفرنس کی میزبانی کرنے سے پوری دنیا کی توجہ کشمیر کی طرف مبذول ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں