نارو وال میں سیدنا حضرت ابو بکر صدیق کی شخصیت کے موضوع پردینی اجتماع

نارووال( )عظیم مذہبی سکالر و مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال نے مرکزی جامع مسجد حنفیہ نقشبندیہ رضویہ میں دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ خلافت رسول ﷺ کے حقیقی وارث تھے ۔ بچپن سے لے کر مزار تک رفاقت نبوی ﷺ کا حق ادا کیا ۔ نبی کریم ﷺ کے ساتھ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہوتے تو رحمت دو عالم ﷺ تمام فکروں سے آزاد ہوجاتے ۔ کلمۂ حق کہنا ، سنت رسول ﷺ کی پابندی کرنا ،زیارتِ رسول ﷺ سے آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانا اور حکمِ رسول ﷺ پر سارا مال قربان کرنا حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہ سے افضل بنا گیا ۔ آج بھی خلافتِ صدیقی کے سنہری اصول اپنائے جائیں تو وقت کے دھارے بدل سکتے ہیں ۔جبکہ مرکز اویسیاں جامعہ اویسیہ کنز الایمان محلہ رسول نگر نارووال میں تحریک اویسیہ پاکستان ضلع نارووال کے زیر اہتمام 29ویں ماہانہ اجتماع اویسیاں بسلسلہ تاجدا ر صداقت رضی اللہ عنہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر تحریک اویسیہ نارووال چوہدری محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ ،ناظم قاری محمد ارشد اویسی،ضلعی صدر بزم رضائے محمد ﷺ ضلع نارووال حافظ محمد عرفان اسلام اویسی ، علامہ محمد اعظم عطاری ،علامہ حافظ علی رضا اویسی اور دیگر مقررین نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سے محبت کرنا اور آپ کا شکریہ ادا کرنا ہر امتی پر واجب ہے ۔نبی کریم ﷺ نے اپنی حیاتِ ظاہری میں سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو مسلمانوں کا امام و پیشوا بنا دیا تو وصال نبوی ﷺ کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہ نے انہیں اپنا سیاسی و فکر ی امام بھی بنا لیا ۔ خلیفۂ بلا فصل سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی خلافت اول کا انکاری گمراہ ہے ۔نبی کریم ﷺ نے فرمایا جنت کا پروانہ مولا علی رضی اللہ عنہ جاری کریں گے مگر جس کے دل میں صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی محبت ہو گی جنت میں وہی جائے گا۔ انہوں نے کہا ملک و ملت کو اغیار نہیں صحابہ کبار رضی اللہ عنہ کی روشن سیرت سے راہنمائی کی ضرورت ہے ۔ موجودہ حکمران خلیفہ اول کی قناعت پسندی اپنائیں ۔اس موقعہ پر محمد سجاد اویسی،محمد عدیل فریدی، حافظ محمد ارشد جماعتی، صوفی نور عالم رضوی اور دیگر نے بھی ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں