ناروے۔عاشقان مصطفی ﷺ اوسلو کے زیر اہتمام محفل میلادالنبیﷺ سے قاری غلام دستگیر کا خصوصی خطاب

اوسلو(عقیل قادر)عاشقان مصطفی ﷺ اوسلو کے زیر اہتمام گذشتہ دنوں ایک پُروقار محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔ ماہ ربیع الاول گذر جانے کے باوجود اللہ کے محبوب پیغمبر نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی صفات اور عظمتوں کا چرچا پورا سال ہی انکے چاہنے والے کرتے ہیں اور عاشقان مصطفی ﷺ ہر طرف میلاد کی محافل منعقد کرتے نظر آتے ہیں اور زبان پر درودو سلام کے نغمات سجائے رکھتے ہیں۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا جس کی سعادت قاری غلام دستگیر نے حاصل کی اور انتہائی خوبصورت اور دل نشیں انداز میں تلاوت قرآن پڑھنے کا شرف حاصل کیا ۔ نعت رسول مقبول ﷺ چوہدری اسماعیل سرور، حماد حفیظ، مسعود چشتی، راجہ غیاث کیانی، چوہدری افتخار احمد نازاور چوہدری محمد یوسف نے پیش کی۔ میلاد النبی ﷺ کی محفل سے قاری غلام دستگیر نے علمی ، روحانی، فکری اور تربیتی خطاب فرمایا جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کی شب آقا ئے نامدار حضرت محمد مصطفی ﷺ کی آمد سے زمین پر تاریکیاں ختم ہوئیں اور ظلمتوں کو نورانیت ملی اور کائنات کا ذرہ ذرہ چمکنے دھمکنے لگا۔انہوں نے کہا کہ عشق رسول ﷺ ہی ہماری زندگی ہے ہمیں چاہیے کہ اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ہم اپنی زندگیوں میں تبدیلی لائیں تاکہ ہم حقیقی معنوں میں میلاد منانے کا مقصد حاصل کر سکیں۔محفل میلاد سے علامہ حافظ شیراد حسین مدنی نے بھی خطاب کیا اورخصوصی دعا کرائی جبکہ ختم شریف سید بلال شاہ نے پڑھا۔چوہدری خالد، حمید بٹ ، مشرف الدین، مرزا وحید ، چوہدری پرویز اختر بھٹی اور دیگر نے محفل میلاد میں خصوصی شرکت کی۔پروگرام کی نقابت کے فرائض چوہدری رشید آف مہمند چک نے احسن انداز میں سر انجام دئیے۔ عاشقان مصطفی ﷺ کی انتظامیہ کے اراکین زبیر احمد، عرفان علی اور محمد عمران نے تمام احباب کی آمد کا شکریہ ادا جبکہ پروگرام کا اختتام جس سہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند اس دل افروز ساعت پہ لاکھوں سلام سے ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں