ناروے۔حضرت امام حسینؓ کی شہادت سیرت النبیﷺ کا روشن باب ہے۔ صاحبزادہ علامہ برکا ت احمد چشتی

moharram mh2 mh5 mh4اوسلو(عقیل قادر) ماہ محرم شروع ہوتے ہی دنیا بھر کی طرح ناروے میں بھی مسلمان کمیونٹی امام حسینؓ کی یاد میں کانفرنسز کا انعقاد کرتی ہے اور ہر جگہ پر ایصال و ثواب کی محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ایسی ہی ایک روحانی و ایمانی محفل کا انعقاد ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں
غوثیہ مسلم سوسائٹی نے شہادت امام حسینؓ کی یاد میں کیا جس میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اہل بیت اور امام حسینؓ سے اپنی محبت کا عملی ثبوت پیش کیا۔جلسہ شہادت امام حسینؓ کے مہمان خصوصی برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے صاحبزادہ علامہ برکات احمد چشتی تھے۔ جلسے میں اوسلو کی تمام مساجد کے علمائے کرام نے شرکت کر کے اتحاد و یگانگت کا پیغام بھی دیا۔ جلسے کا آغاز آیات ربانی سے کیا گیا اور حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچاور کیئے گئے۔ امام عالیٰ مقام کے حضور منقبت غوثیہ مسلم سوسائٹی کے سنیئر ممبر چوہدری محمد اشرف نے پیش کی ۔ صاحبزادہ علامہ برکات چشتی نے علمی و فکری خطاب سے حاضرین کو اپنے طرف متوجہ کئے رکھا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں دجالی اور یزیدی فتنے سر اٹھائے دکھائی دیتے ہیں، انکا خاتمہ حسینی کردار کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کے اسوہ حسنہ پر عمل کر نے میں ہی ہماری کامیابی اور نجات ہے اور امام حسینؓ سے محبت دراصل نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ سے محبت ہے اور نبی کریم ﷺ سے محبت دراصل اللہ پاک سے محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم یہ پیغام اپنی نسلوں تک پہنچائیں اور انکی صیحح معنوں میں تربیت کریں تاکہ ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکیں۔کانفرنس سے غوثیہ مسلم سوسائٹی کے امام مفتی محمد زبیر تبسم نے بھی خطاب کیا اور پروگرام کا اختتام قاری اسرار احمد نے درودو سلام سے کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں