موبائل فون کی نیلی روشنی آپ کی صحت کے لئے کتنی نقصان دہ ہے؟ ماہرین نے وارننگ دے دی

موبائل فون کی نیلی روشنی آپ کی صحت کے لئے کتنی نقصان دہ ہے؟ ماہرین نے وارننگ دے دی

موبائل فون کی سکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی کے بارے میں برطانوی سائنسدان بتا چکے ہیں کہ یہ مردوں کو پراسٹیٹ کینسر اور خواتین کو چھاتی کے کینسر میں مبتلا کرتی ہے۔ اب ماہرین نے اس روشنی کے مزید کئی سنگین نقصانات بتا دیئے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ”موبائل فون سے نکلنے والی نیلی روشنی صارفین باڈی کلاک پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرتی ہے جس سے ان کی نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے، نتیجتاً وہ کئی طرح کی ذہنی و جسمانی بیماریوںمیں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ لوگوں کو اس روشنی کی وجہ سے بے خوابی کی بیماری بھی لاحق ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ روشنی صارفین کی جلد اور بینائی کے لیے بھی انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔“

ایک نجی فرم کی چیف میڈیکل آفیسر ڈیمی سیلی ڈیویس کا کہنا تھا کہ ”موبائل فونز سے خارج ہونے والی نیلی روشنی ’ہائی انرجی ویزیبل لائٹ‘ (HEV)کے نام سے بھی جانی جاتی ہے۔ یہ روشنی بھی ویزیبل لائٹ سپیکٹرم کا حصہ ہے جو کہ سرخ، اورنج، پیلی، سبز، نیلی اور وائلٹ رنگوں کی روشنیوں سے بنتا ہے۔ سپیکٹرم پر نیلی سے وائلٹ روشنی تک کی لہر کی لمبائی (Wavelength)باقی روشنیوں کی نسبت بہت کم ہوتی ہے اور جس روشنی کی لہر کی لمبائی کم ہو اس سے اتنی ہی زیادہ انرجی کا اخراج ہوتا ہے۔ انرجی کا زیادہ اخراج ہی نیلی روشنی کو لوگوں کے لیے نقصان دہ بناتا ہے۔ “ پروفیسر ڈاکٹر اجیتھ کرونرتھنے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ”نیلی روشنی کو ہماری آنکھ کا پردہ اور لینز بلاک یا منعکس کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ چنانچہ اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ یہ روشنی ہماری بینائی کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔ “

اپنا تبصرہ لکھیں