ملتان ٹول پلازہ پر کرونا وائرس کے مبینہ مریض کو روک لیا گیا

ملتان ٹول پلازہ پر کرونا وائرس کے مبینہ مریض کو روک لیا گیا

قانون نافذکرنے والے اداروں نے چین سے لوٹنے والے پاکستانی شہری شاہ زیب راہوجو کو مبینہ طور پر کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے باعث اسلام آباد جاتے ہوئے راستے میں ملتان ٹول پلازہ پر روک لیا اور واپس آبائی ’علاقے ’ گمبت “کے ہسپتال میں منتقل کر دیاہے ۔

” ٹریبیون “ کی رپورٹ کے مطابق شاہ زیب راہوجو کروناوائر سے متاثرہ چینی شہر ” ووہان “ سے ایک ہزار کلومیٹر دو رواقعہ یونیورسٹی میں ” پٹرولیم انجینئرنگ “ کی پڑھائی کر رہا تھا جوکہ وبا پھوٹنے کے بعد ہفتے کی رات پاکستان پہنچا ، اسے پاکستان آنے کیلئے براہ راست فلائٹ نہیں ملی جس کے باعث وہ پہلے قطر گیا اور وہاں سے کراچی پہنچا ۔

شاہ زیب کے بڑے بھائی ارشاد علی نے بتایا کہ وہ جب قطر پہنچا تو اس کے سر میں شدید درد اور اسے کھانسی کے علاوہ نزلے کی شکایت ہوئی ، اس نے کچھ ادویات لیں اور وہ محفوظ طریقے سے ضلع خیر پور میں اپنے گاﺅں پہنچ گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بھائی کی کراچی کے جناح ایئر پورٹ پر سکریننگ بھی ہوئی اور وہ اس میں کلیئر آیا کیونکہ اس نے پہلے ہی ادویات لے لیں تھیں لیکن جب وہ گھر پہنچا تو ایک مرتبہ پھر سے اسے نزلہ زکام اور بخار ہو گیا ۔

پیر کی صبح جب اس کی ناک سے خون بہنے لگا تو اسے فوری طور پر خیر پور کے سول ہسپتال میں منتقل کیا گیا ، جہاں حکام نے اسے فوری طور پر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت کی کیونکہ ہسپتال میں اس کے علاج کی سہولیات موجود نہیں تھیں ۔انہوں نے بتایا کہ کہ ہم اسے کراچی لے جارہے تھے کہ راستے میں ہمیں کہا گیا کہ سول ہسپتال واپس آیا جائے اور پھر وہاں انہوں نے شاہ زیب کو ڈینگی وارڈ میں منتقل کر دیا اور سب مریضوں سے الگ کر دیا ۔

ڈاکٹروں کی جانب سے راہوجو کی فیملی کو بتایا گیا کہ وزیر کے احکامات ہیں کہ انہیں اس وقت اکیلا ہی رکھا جائے جب تک ان کے تمام ٹیسٹ مکمل نہیں ہو جاتے۔ ارشاد علی کا کہناتھا کہ وہاں کوئی ڈاکٹر ہی نہیں تھا اور ہمارے مریض کو کوئی توجہ بھی نہیں دی جارہی تھی ، ہسپتال کا سٹاف وزیر کے احکامات کے باوجود بھی میرے بھائی کا معائنہ نہیں کر رہے تھے ۔سندھ کے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیتیں نہ ملنے پر شاہ زیب کو اسلام آباد لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں ملتان ٹول پلازہ پر اسے روکتے ہوئے واپس گاﺅں بھجوا دیا گیاہے جہاں اسے ہسپتال میں داخل کر دیا گیاہے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں