’لگ رہا ہے یہ جہاز ٹوٹ رہا ہے‘ لاپتہ ہونے والے طیارے میں سوار فٹبالر کا اپنے دوستوں کو واٹس ایپ پر آخری پیغام

’لگ رہا ہے یہ جہاز ٹوٹ رہا ہے‘ لاپتہ ہونے والے طیارے میں سوار فٹبالر کا اپنے دوستوں کو واٹس ایپ پر آخری پیغام

دو روز ارجنٹائن کے فٹ بالر ایمیلیانو سالا ایک طیارے میں سفر کر رہے تھے جو اچانک لاپتہ ہو گیا اور تاحال اس کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ اب فٹ بالر کا ایک دوستوں واٹس ایپ پر بھیجا گیا آخری پیغام منظرعام پر آ گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو چکا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق طیارے کو حادثہ پیش آنے سے کچھ دیر پہلے ایمیلیانو نے اپنے دوستوں کے ایک واٹس ایپ گروپ میں دو وائس میسج بھیجے۔ پہلے میسج میں انہوں نے کہا کہ ”میں طیارے پر سوار ہوں اور مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے یہ جہاز ٹکڑے ہونے جا رہا ہے۔“ اپنے دوسرے پیغام میں ایمیلیانو نے دوستوں سے کہا کہ ”میں بہت خوف محسوس کر رہا ہوں۔ اگر میرا آپ سے رابطہ منقطع ہو جائے اور ایک ڈیڑھ گھنٹے تک میں آپ سے بات نہ کر سکوں تو کسی کو میری تلاش کے لیے بھیج دیجیے گا۔“اس پیغام کے کچھ ہی دیر بعد جہاز ریڈار سے غائب ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق 28سالہ ایملیانو کارڈف کی فٹ بال ٹیم ’پریمیئر لیگ سائیڈ کارڈف سٹی‘ کی طرف سے کھیل رہے تھے اور واقعے کے روز چھوٹے طیارے ’پائپر پی اے 46‘ میں سوارفرانس سے واپس برطانیہ جا رہے تھے جہاں انہیں ٹریننگ سیشن میں شریک ہونا تھا۔ طیارے میں ایمیلیانو اور ان کا پائلٹ ہی سوار تھے۔ یہ حادثہ پیر کی رات ساڑھے 8بجے ایلڈرنے نامی جزیرے کے پاس پیش آیا۔بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ برطانیہ سے فرانس جاتے ہوئے خرابی کا شکار ہو گیا تھا اور ایمیلیانو نے اس حوالے سے فرانس میں اپنے ایک دوست کو بھی بتایا تھا اور کہا تھا کہ ”اس طیارے پر واپس جاتے ہوئے مجھے خوف محسوس ہو رہا ہے۔“ واپسی کا سفر شروع کرتے ہوئے بھی طیارے نے ٹیک آف کی پہلے تین ناکام کوششیں کیں اور چوتھی کوشش میں وہ ٹیک آف میں کامیاب ہو گیا۔ریسکیو ورکرز کو سمندر میں طیارے کے ٹکڑے ملے ہیں اور ایمیلیانو اور پائلٹ کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوا ہے اور ان دونوں کے بچنے کے امکانات بہت معدوم ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں