فن لینڈ میں‌کشمیر پر دہشتگردی کے خلاف مظاہرہ


سٹاک ہوم (عارف محمود کسانہ نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ ذون اور فن لینڈ برانچ کے زیر اہتمام بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں آرٹیکل 35 اے کی منسوخی اور بھارتی ظلم و بربریت اور سیز فائر لائن پر گولہ باری کے خلاف ، چیرمین لبریشن فرنٹ جناب محمد یسین ملک کی غیر قانونی غیر انسانی قید سے رہائی اور دیگر قائدین و نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف ہیلسنکی فن لینڈ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر تنویراحمد چوہدری ، اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری حافظ مظہر اقبال نعیمی۔زونل ورکنگ کمیٹی کے ممبر ملک ندیم بٹ اور فن لینڈ برانچ کے صدر شہزاد شبیر کر رہے تھے مظاہرے میں زونل صدر ،لبریشن فرنٹ و سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے قائدین و کارکنان کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین کشمیر کے وارث زندہ ہیں۔کشمیر پر بھارت کا قبضہ نا منظور نا منظور۔ کشمیر میں کشمیریوں کا قتل عام بند کرو۔ یاسین ملک کو رہا کرو۔ کشمیری عوام کے ساتھ ظلم و ستم بند کرو۔ تمام سیاسی کارکنوں اور قائدین کو رہا کرو۔ سیاسی جماعتوں پر سے پابندی ختم کرو جیسے فلک شگاف نعرے لگا رھے تھے۔ اس موقع پر تنویر احمد چوہدری نے کہا کہ ہم بھارتی مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے۔ تنویراحمد چوہدری نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کا کردار ادا کریں اور کشمیر میں غیر قانونی مسلط ہندوستانی افواج کا انخلاءکیا جائے اور کشمیر اقوام متحدہ کی امن فوج کے حوالے کیا جائے۔ حافظ مظہر اقبال نعیمی نے کہا کہ ہم بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور ظلم و ستم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے اس وقت تک استعماری قوتوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گئے۔ اس موقع پر ، انصر رحیم چوہدری،شمشیر علی، شیخ طاہر علی، مصطفے خان کشمیری، محمد اعجاز قادری، محمد حمزہ بٹ، چوھدری طاہر علی ، سیف علی ناگرہ، حاجی مسعود عالم، ڈاکٹر ندیم اصغر اور دیگر نے اس ظلم کے خلاف بھرپور انداز میں احتجاج کیا ۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دفعہ 370 او35 اے کے خاتمے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو بندوق کی نوک پر غصب کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور بھارت پر واضع کرتے ہیں کہ وہ آگ سے کھیلنا بند کرئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں