عمران خان کی ٹرمپ سے ملاقات محمد بن سلمان نے طے کرائی لیکن کیسے ؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا

عمران خان کی ٹرمپ سے ملاقات محمد بن سلمان نے طے کرائی لیکن کیسے ؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا

سعودی عرب کے حکمران شاہی خاندان کے اخبار عرب نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے طے کرائی۔ خیال رہے کہ عرب نیوز محمد بن سلمان کے چھوٹے بھائی ترکی بن سلمان کی ملکیت ہے۔

عرب نیوز نے پاکستانی وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان اور ٹرمپ کی ملاقات اپنے دوست جیرڈ کشنر کے ذریعے طے کرائی ہے۔ جیرڈ کشنر امریکی صدر کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ کے شوہر اور سعودی ولی عہد کے قریبی دوست ہیں۔

عمران خان کی کابینہ کے ایک سینئر ممبر نے بھی ٹرمپ اور کپتان کی ملاقات میں محمد بن سلمان کے کردار کی تصدیق کی اور کہا کہ سعودی ولی عہد نے اس مقصد کیلئے ٹرمپ کے داماد کے ساتھ ذاتی دوستی کو استعمال کیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاﺅس میں ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں افغان امن عمل کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ مبصرین امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں جاری سرد مہری کا خاتمہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں