بیوی نے زندہ شوہر کو مردہ قرار دے کر مکان فروخت کردیا

بیوی نے زندہ شوہر کو مردہ قرار دے کر مکان فروخت کردیا

  بھارت میں خاتون نے  شوہر کی موت کا ڈرامہ رچا کر  فرضی دستاویزات کی بنیاد پر مکان فروخت کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع دیوبند کی شیخ الہند کالونی کی رہائشی خاتون نے شوہر کی موت کا ڈھونگ رچاکر مکان فروخت کردیا، پولیس نے شوہر کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا،خاتون کے شوہر محمد طاہر نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ سات سال قبل اس نے شیخ الہند کالونی میں 100 مربع گز کا ایک پلاٹ خرید کر مکان تعمیر کرایا تھا، پیشے سے مزدور ہوں اور زیادہ وقت کام کے سلسلے میں شہر سے باہر رہتا ہوں۔

شوہر نے الزام عائد کیا کہ اہلیہ نہایت شاطر قسم کی خاتون ہیں، انہوں نے علاقے کے تین زمین مافیاؤں سے سازباز کرکے فرضی دستاویز تیار کروائی اور مجھے مرا ہوا ظاہر کرکے مکان فروخت کردیا، اسے مکان کی فروختگی کے بارے میں چند روز پہلے ہی معلوم ہوا ہے، اب مکان کی فروختگی میں شامل افراد کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور مطلوبہ رقم ادا نہ کرنے پر زبردستی گھر سے نکالنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔

محمد طاہر کا کہنا ہے کہ رقم نہ دینے پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، متأثرہ شخص نے الزام عائد کیا کہ اس کی اہلیہ بھی اس سارے معاملے میں ملزمان کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔متاثرہ شخص نے پولیس کو تحریر دیتے ہوئے فوری طورپر کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا، پولیس کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، حقیقت سامنے آجانے پر قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں