’ ایف 35 نہیں دو گے تو ہم تمہارا 10 ارب ڈالر کا یہ نقصان کردیں گے‘ اردگان نے ٹرمپ کو دھمکی دے دی

’ ایف 35 نہیں دو گے تو ہم تمہارا 10 ارب ڈالر کا یہ نقصان کردیں گے‘ اردگان نے ٹرمپ کو دھمکی دے دی ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے واشنگٹن پر واضح کیا ہے کہ اگر انہیں ایف 35 طیارے فراہم نہیں کیے گئے تو وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے کسی اور ملک سے رجوع کرسکتے ہیں، ایسے میں 10 ارب ڈالر کا بوئنگ طیاروں کی خریداری کا معاہدہ بھی ختم ہوسکتا ہے ۔

رجب طیب اردگان نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ کی جانب سے ترکی کو ایف 35 طیارے فراہم نہیں کیے گئے تو وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے دوسرے ممالک کے ساتھ معاہدے کرسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ترکی کی جانب سے روس سے ایس 400 میزائل دفاعی نظام کی خریداری کے باعث امریکہ نے انقرہ کو ایف 35 طیاروں کی فروخت روک دی ہے۔ واشنگٹن کی جانب سے انقرہ کو اس عمل کے باعث پابندیوں کی دھمکی بھی دی گئی ہے ۔

ترک صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس 400 میزائل سسٹم ان کے دفاع کیلئے ضروری تھا، انہیں اپنے دفاع کیلئے جس چیز کی بھی ضرورت ہوگی وہ اسے حاصل کریں گے۔ امریکہ کو یہ سوچنا چاہیے کہ ہم نے ان کا پیٹریاٹ ڈیفنس سسٹم نہیں خریدا لیکن ہم ان کے 100 بوئنگ طیارے بھی تو خرید رہے ہیں، اس لیے ہم اچھے خریدار ہیں۔ اگر امریکہ ہمیں ایف 35 طیارے فراہم نہیں کرتا تو ہم بوئنگ کے ساتھ 10 ارب ڈالر کے 100 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں