” اس ایئر ہوسٹس کو سات لاکھ ریال ادا کریں ” سعودی عدالت نے فضائی کمپنی کو حکم دیدیا

سعودی عرب کے شہر جدہ کی ایک لیبر کورٹ نے ایئر ہوسٹس کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے فضائی کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ ایئرہوسٹس کو سات لاکھ ریال معاوضہ ادا کرے۔سعودی عرب کی ایک ویب سائٹ کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک مراکشی ایئر ہوسٹس نے مقامی فضائی کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسے کئی ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔ وہ گذشتہ چار سال سے کمپنی سے وابستہ تھی، اس دوران اسے سالانہ چھٹیاں اور ملازمت ختم کرنے پر حقوق بھی نہیں دیے گئے۔رپورٹ کے مطابق ایئرہوسٹس نے اپنے دعوے کے ساتھ ورک ایگریمنٹ اور تمام دلائل جمع کروائے جن کی بنیاد پر کورٹ نے مقدمہ داخل کر دیا اور قانون کے مطابق فریق ثانی کو حاضر ہونے کا نوٹس جاری کر دیا، تاہم متعدد نوٹس جاری کرنے کے باوجود فضائی کمپنی کا نمائندہ نہیں آیا تو کمپنی کے قانونی نمائندے کو بالجبر حاضر کروایا گیا۔نمائندے نے کمپنی کا موقف پیش کرنے کے لیے وقت طلب کیا مگر کمپنی کا نمائندہ اگلی کئی پیشیوں میں بھی حاضر نہیں ہوا، جس کا عدالت نے نوٹس لیتے ہوئے اسے عدالت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف سمجھا۔عدالت نے حلفیہ بیان، بینک دستاویزات اور معاہدہ ملازمت کی بنیاد پر ایئرہوسٹس کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کمپنی کو حکم دیا کہ اسے سات لاکھ ریال مجموعی رقم کا معاوضہ دیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں