’یہ میرے والدین اور بچوں کو لے جارہے ہیں‘ دبئی کے شہزادے کی اہلیہ نے ویڈیو سوشل میڈیا پر لگادی

’یہ میرے والدین اور بچوں کو لے جارہے ہیں‘ دبئی کے شہزادے کی اہلیہ نے ویڈیو سوشل میڈیا پر لگادی

دبئی کے شاہی خاندان کی کئی خواتین کی طرف سے حالیہ سالوں میں ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی گئی اور ان میں سے کچھ بیرون ملک جا نے اور پناہ لینے میں کامیاب بھی ہو گئیں جن میں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم کی اہلیہ شہزادی حیاءبنت حسین بھی ہیں جو اپنے بچوں سمیت فرار ہو کر برطانیہ چلی گئیں اور اب وہاں کی عدالت میں انہوں نے طلاق کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔ شہزادی حیاءاور دیگر فرار ہونے والی شہزادیوں کی طرف سے شاہی خاندان کے مردوں پر تشدد کرنے اور قید میں رکھنے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے۔ اب ایسی ہی کچھ اور ویڈیوز منظرعام پر آ گئی ہیں جن میں دبئی کے شاہی خاندان کے فرد شیخ سعید بن مختوم بن راشد المختوم کی سابق اہلیہ شیخہ زینب جاویدلی اپنے شوہر کے مظالم کی دہائی دیتی نظر آ رہی ہیں۔

میل آن لائن کے مطابق شیخہ زینب نے اپنے انسٹاگرام پر کئی ویڈیوز پے درپے پوسٹ کیں جن میں وہ اپنے گھر پر دھاوا بولنے والے کچھ لوگوں کو لائیو دکھاتی رہیں۔ شیخہ زینب کا ان ویڈیوز میں کہنا تھا کہ یہ ان کے شوہر شیخ سعید کے لوگ ہیں جنہوں نے ان کے گھر پر دھاوا بول رکھا ہے اور ان کے ماں باپ کو گرفتار کر لیا ہے۔ شیخہ زینب بتاتی ہے کہ اب وہ میرے بچوں کو مجھ سے چھین کر لیجانا چاہتے ہیں۔شیخہ زینب کا کہنا تھا کہ ”ان لوگوں کے ساتھ شیخ سعید کا منیجر بھی موجود ہے جو اس سے پہلے بھی ہمارے گھر پر چھاپے مار چکا ہے اور ہمیں تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے۔“

29سالہ شیخہ زینب ایک خاتون کو بھی دکھاتی ہے اور بتاتی ہے کہ” اس خاتون نے ابھی مجھے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔“ ایک ویڈیومیں شیخہ زینب دکھاتی ہے کہ اب وہ لوگ بچوں کو چھیننے اوپر آ رہے ہیں۔ اسی اثناءمیں وہ لوگ اس کمرے کے دروازے تک پہنچ جاتے ہیں جہاں شیخہ زینب نے خود کو بچوں سمیت لاک کیا ہوتا ہے۔ وہ لوگ اسے دروازہ کھولنے کو کہتے ہیں تاہم شیخہ زینب بہانہ کرتی ہے کہ دروازہ لاک ہے اور چابی کام نہیں کر رہی چنانچہ میں دروازہ نہیں کھول سکتی۔ اس کے ساتھ ہی ویڈیو ختم ہو جاتی ہے۔ شیخہ زینب ان ویڈیوز میں بار بار دہائی دے رہی ہوتی ہے کہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔ اس کے باوجود شیخ سعید کے لوگ میرے ساتھ یہ سلوک کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شیخہ زینب بنیادی طور پر آذربائیجان کی شہری اور جمناسٹک کی ماہر ہیں۔وہ ورلڈ اور یورپین چیمپین شپ میں میڈل بھی جیت چکی ہیں۔ انہوں نے 43سالہ شیخ سعید کے ساتھ 2015ءمیں شادی کی تھی تاہم اب ان میں علیحدگی ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں