وزیر اعظم نواز شریف اوسلو مں ہونے والی بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس میں شرکت کے لیے نارویجن وزیر اعظم ارنا سولبرگ کی دعوت پرتشریف لا رہے ہیں۔ نواز شریف آج اپنے تین روزہ دورے پر اوسلو کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔وزیر اعظم تعلیمی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ اہم بین الاقوامی شخصیات سے اور نارویجن شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس تعلیمی کانفرنس کا مقصد جنگی اور ہنگامی حالات میں بچوں کے تعلیمی ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔اس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ پاکستان میں پشاور ملٹری اسکول میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد کیا گیا تھا۔تا ہم کانفرنس کے پیش نظر افریقی ممالک میں اسکولوں کے بچوں کے اغواء اور شام میں جنگی حالات میں بچوں کاتعلیمی ماحول بھی ہے۔
پچھلے دس برسوں میں پاکستان سے کسی جمہوری حکمران کا ناروے میں یہ پہلا دورہ ہے۔جب کہ اس سے پہلے بھی نواز شریف کو نارویجن حکومت کی جانب سے نوبل پرائز کی تقریب میں مدعو کیاگیا تھا لیکن وہ مقامی اختلافات کی وجہ سے اس میں شرکت نہ کر سکے تھے۔
نواز شریف کانفرنس میں ہنگامی حالات میں بچوں کے تعلیمی ماحول کو محفوظ بنانے کے سلسلے میں تقریر کریں گے۔اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے مشیر خاص گورڈن برائون سے ملاقات کریں گے۔جبکہ نواز شریف نارویجن ولی عہد شہزادہ ہاکون سے بھی ملاقات کریں گے۔اپنے نارویجن ہم منصب سے دو طرفہ تعلقات اور بین الاقوامی و علاقائی مسائل پرتبادلہء خیال ات بھی کریں گے۔
پاکستان سے سرکاری ترجمان نے اس بات کی امید ظاہر کی ہے کہ نواز شریف کے دورہء ناروے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو فروغ ملے گا۔
UFN/ DN