اوسلو(عقیل قادر) پاکستان تحریک انصاف ناروے کے ممبران نے گذشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں پارٹی الیکشن ناروے میں ہونے والی دھاندلی کو بے نقاب کیا اور انٹرا پارٹی الیکشن میں دھاندلی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ممبران نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اور الیکشن کمیشن سے الیکشن میں ہونے والی ناانصافیوں کا جائزہ لینے کا پُر زور اور تحقیقات جلد شروع کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔ پارٹی ممبران کے مطابق پی ٹی آئی ناروے کے انٹرا پارٹی الیکشن میں MC کا کردار نہ صرف جانبدار تھا بلکہ انہوں نے خود ہی اپنے آپ کو صدارت کے لیے نامزد کر دیا جو جمہورت کی روح کے خلاف ہے۔ پی ٹی آئی ناروے کے سابق صدر شاہد جمیل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ممبران پہلی بار ہفتہ کے روز MC کے گروپ سے باضابطہ میٹنگ کر رہے ہیں جس میں دونوں فریقین کا موقف سامنے آئے گااور پی ٹی آئی ناروے کے ممبران کی قیادت محمد طارق کریں گے اور لگائے گئے تمام الزامات اور تحقیقات کو پیش کریں گے۔