سٹاک ہوم(عارف کسانہنمائندہ خصوصی) مملکت خداد پاکستان کے یوم آزادی کے سلسلہ میں سٹاک ہوم میں سفارت خانہ پاکستان میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں شرکاء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن میںخواتین بھی شامل تھیں۔ سفارت خانہ کے منسٹر جناب نجیب درانی نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے اور حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر عارف محمود کسانہ کی تلاوت قرآن حکیم سے جشن آزادی کی تقریب کا آغاز ہوا۔ تمام شرکاء نے کھڑے ہوکر احترام سے پاکستان کا قومی ترانہ سُنا۔ سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کے حالات بہت بہتر ہورہے ہیں اور ہمارامستقبل بہت روشن ہے۔ پاکستان دنیا میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے جن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تحریک پاکستان کے جذبہ کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے اور فکر اقبال اور قائد اعظم کے ارشادت کی روشنی میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر پاکستانی کو مصروف عمل ہونا چاہیے۔ موجودہ حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے اہم اقدامات کررہی ہے اس سلسلہ میں پاک چائینا راہ داری نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔