111 سالہ شخص نے اپنی لمبی زندگی کا انتہائی دلچسپ راز بتادیا

111 سالہ شخص نے اپنی لمبی زندگی کا انتہائی دلچسپ راز بتادیا

کم ہی ہوتے ہیں ایسے لوگ جوعمر میں 100سال کا ہندسہ عبور کرتے ہیں اور پڑپوتے پڑپوتیوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے جب ان کی طویل العمری کا راز پوچھا جائے تو وہ کوئی نہ کوئی مخصوص غذا وغیرہ بتاتے ہیں لیکن گزشتہ دنوں یہی سوال برطانیہ کے عمررسیدہ ترین شخص سے پوچھا گیا تو اس نے اپنی طویل العمری کا ایسا دلچسپ راز بتا دیا کہ سن کر ہنسی آ جائے۔ میل آن لائن کے مطابق اس آدمی کا نام باب ویگٹن ہے اور آج اس کی 111ویں سالگرہ ہے۔ ایک سو گیارہ سال عمر پانے پر جب ان سے طویل العمری کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے سادہ سا جواب دیا کہ ”صرف موت سے گریز، اس کے علاوہ میرے طویل العمر ہونے کا کوئی اور راز نہیں ہے۔“

باب ویگٹن زندگی میں ٹیچر اور انجینئر رہ چکے ہیں۔ ان کے تین بچے ہیں۔ آگے ان کے 10پوتے پوتیاں اور 25پڑپوتے پڑپوتیاں ہیں۔ باب کا کہنا تھا کہ ”میں نے عام آدمی کی زندگی گزاری ہے، مجھے بھی فلو، انفلوئنزا، ملیریا وغیرہ جیسی بیماریاں لاحق ہوتی رہیں اورمیرے مختلف نوعیت کے تین آپریشن بھی ہوئے۔ مجھے تمام عمر اجنبی لوگوں سے ملنا بہت پسند رہا، ایسے لوگ جنہیں میں نے زندگی میں پہلے کبھی نہ دیکھا ہو۔ “

رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ ہر سال باب کی سالگرہ پر انہیں کارڈ بھیجتی ہیں اور مبارکباد دیتی ہیں لیکن وہ شہرت سے اتنا دور بھاگتے ہیں کہ انہوں نے ملکہ سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ انہیں کارڈ نہ بھیجا کریں۔دنیا کے متعلق باب کا کہنا ہے کہ ”میری زندگی میں ہی دنیا حیران کن طریقے سے تبدیل ہوئی ہے۔ میرے بچپن میں دنیا جس طرح کی تھی، آج اس سے یکسر مختلف ہو چکی ہے تاہم انسان آج بھی ویسے ہی ہیں۔ آج بھی ایک انسان کسی دوسرے انسان سے پہلی بار ملتے ہوئے سوچتا ہے کہ کیا اس پر اعتبار کیا جا سکتا ہے؟“

اپنا تبصرہ لکھیں