کچھ بھی کیے بغیر صرف اپنا دماغ استعمال کر کے فٹ رہنے کا طریقہ

کچھ بھی کیے بغیر صرف اپنا دماغ استعمال کر کے فٹ رہنے کا طریقہ

فٹنس، جوانی اور خوشی کا راز روپے پیسے اور لگژری لائف سٹائل میں نہیں ہے بلکہ ہیلن تھامس نامی ایک ماہر کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق انسان کے دماغ سے ہوتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ہیلن تھامسن کا کہنا ہے کہ اگر آپ درست مائنڈ سیٹ رکھتے ہیں تو آپ مذکورہ بالا تمام چیزیں حاصل کر سکتے ہیں۔ ہیلن تھامسن نے اس حوالے سے ’پلیسیبو‘ (Placebo)کی مثال دی جو ایسی بے اثر گولی ہوتی ہے جسے سائنسدان کسی دوا کے تجربے میں رضاکاروں کے ایک گروپ کو دیتے ہیں۔ یہ دوا حالانکہ بے اثر ہوتی ہے اس کے باوجود اکثر اوقات تجربات میں جن لوگوں کو یہ گولیاں دی جاتی ہیں ان میں بھی بہت زیادہ تبدیلی آ جاتی ہے اور اس تبدیلی کا تعلق صرف ان لوگوں کے دماغ سے ہوتا ہے۔ انہیں توقع ہوتی ہے کہ اس گولی سے ان کے جسم میں یہ فرق آئے گا چنانچہ کسی حد تک ان کی توقع پوری ہو جاتی ہے۔

ہیلن تھامسن کا کہناتھا کہ ”دماغ ایسی پراسرار چیز ہے کہ اگر آپ ان لوگوں کو بتا بھی دیں کہ یہ گولی بے اثر ہے، اس کے باوجود ان پر اس گولی کا کسی نہ کسی حد تک اثر ضرور ہوتا ہے۔چنانچہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری صحت، فٹنس ، جوانی اور خوشی وغیرہ کا تعلق بہت حد تک ہمارے دماغ سے ہوتا ہے۔ آپ ایک تجربہ کرکے دیکھیں جو میں خود بھی اپنے موڈ کو بہتر کرنے کے لیے کرتی ہوں۔ ایک پنسل لیں اور اسے اپنے دانتوں میں 10سیکنڈ کے لیے اس طرح پکڑیں کہ ہونٹ پنسل کو نہ چھونے پائیں۔ آپ دیکھیں گے کہ صرف ان 10سیکنڈز میں آپ کا موڈ قدرے خوشگوار ہو جائے گا۔ اگر آپ آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر چند بار یہ عمل دہرائیں تو خود بخود آپ کے چہرے پر ایک مسکراہٹ پھیل جائے گی۔ “

ہیلن تھامسن کا کہنا تھا کہ ”فٹنس کے لیے اس حوالے سے مختلف چیزوں کا علم ناگزیر ہے۔ امریکہ میں ایک تحقیق کی گئی جس میں ہوٹل کے 84صفائی کرنے والے ورکرز کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ایک گروپ کو بتایا گیا کہ کون سا کام کرنے سے ان کے جسم میں کتنی کیلوریز جلیں گی اور وہ کتنے فٹ ہوں گے۔اس کے علاوہ ان دونوں گروپوں کے لوگوں میں خوراک یا سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ایک مہینے بعد جب ان کا دوبارہ وزن کیا گیا تو پتا چلا کہ جن لوگوں کو معلومات دی گئی تھیں ان کے وزن میں اوسطاً 1کلوگرام کمی ہو گئی تھی اور ان کا فٹنس لیول بہت بڑھ گیا تھا۔ اس کے برعکس دوسرے گروپ کے لوگوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تھی۔ اس سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ فٹنس اور صحت مندی کاتعلق بہت حد تک ہمارے دماغ سے ہوتا ہے۔ چنانچہ اگر ہم اپنے دماغ کو دکھائیں اور درست مائنڈ سیٹ رکھیں تو فٹنس، صحت مندی اور خوشی کا حصول بہت آسان ہو جائے گا۔“

اپنا تبصرہ لکھیں