پوکر کلب پر چھاپہ منشیات اورمنی لانڈرنگ کے نیٹ ورک کا انکشاف

برگن پولیس نے ایک پوکر کلب پر چھاپہ مارا جس کے بارے میں یہ خدشہ تھا کہ کلب کے اراکین کئی مجرمانہ سرگرمیوں کی سر پرستی کر رہے ہیں۔تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس چھاپے کے وقت پوکر کلب کے کئی اراکین میز کے گرد بیٹھے تھے جس میں سے دس افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔مقامی اخبار برگن ٹائمز کے مطابق یہ چھاپہ ایک ایسے کیس کے سلسلے میں مارا گیا ہے جو کہ ماہ اگست سے التواء میں تھا۔
پوکر کلب میں کئی ملین کی رقوم کا تبادلہ کیا جاتا تھا۔جبکہ اٹارنی پولیس ماریتا Marita Mellingen کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ یہ رقم منشیات کی اسمگلنگ کے سلسلے میں استعمال کی جاتی ہے۔پولیس نے تئیس کلو گرام کی حشیش بھی برآمد کی ہے۔پولیس کے مطابق رقوم کی منتقلی اور حشیش کو لانے لے جانے کے لیے پوکر گیم کے الفاظ کو بطور خفیہ کوڈز استعمال کیا جاتا تھا۔پوکر کھلاڑیوں کے بینک اکاؤنٹس میں کئی کئی ملین کی رقوم موجود ہیں جو کہ جائز آمدن کے ذرائع سے حاصل کرنا ممکن نہیں۔میلنگن کے مطابق اس چھاپے سے منی لانڈرنگ کو کنٹرول کرنے میں بہت مدد ملے گی۔
NTB/UFN

اپنا تبصرہ لکھیں