پاکستان میں کورونا کے ساڑھے 5 ہزار مریض، دنیا میں تعداد 19 لاکھ کے قریب پہنچ گئی

پاکستان میں کورونا کے ساڑھے 5 ہزار مریض، دنیا میں تعداد 19 لاکھ کے قریب  پہنچ گئی

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور اب اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 5496 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب  دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 19 لاکھ کے قریب ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 122 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5496 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں اس وبا کے ہاتھوں 7 لوگوں نے اپنی زندگیاں گنوائی ہیں جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد 93 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں 1097 افراد ایسے ہیں جو کورونا سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے ٹیسٹوں کی رفتار میں بھی تیزی آئی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں 3233 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 65 ہزار 114 ہوگئی ہے۔

صوبائی صورتحال

پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب سے سامنے آئے ہیں جہاں 2672 لوگوں میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ سندھ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1452، خیبر پختونخوا میں 744، بلوچستان میں 230 ، گلگت بلتستان میں 224 ، اسلام آباد میں 131 اور آزاد جموں و کشمیر میں 43 ہوگئی ہے۔

دنیا کی صورتحال

دنیا بھرمیں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 18 لاکھ 89 ہزار 62 ہوچکی ہے جبکہ اس وبا کے باعث اب تک ایک لاکھ 17 ہزار 596 افراد زپنی زندگیاں گنوا چکے ہیں۔ دنیا بھر میں 4 لاکھ 38 ہزار 176 لوگ کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔

دنیا میں امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 5 لاکھ 66 ہزار 654 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہزار 877 ہوچکی ہے۔ اٹلی میں بھی کورونا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے بڑھ گئی ہے ۔ اٹلی میں اب تک 20 ہزار 465 افراد کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سپین میں 17 ہزار 489 لوگوں کی زندگیوں کے چراغ کورونا کی وجہ سے گل ہوئے ہیں۔

مسلم امہ کی صورتحال

مسلمان ممالک میں ایران کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 73 ہزار 303 ہوچکی ہے جبکہ 4585 افراد اس کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔ ترکی میں کورونا کے 61 ہزار 49 کیسز اور 1296 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ مسلمان ممالک میں کورونا کے پازیٹو کیسز کے اعتبار سے پاکستان تیسرے نمبر پر ہے اور اس سے اگلا ہی نمبر سعودی عرب کا ہے جہاں اب تک 4939 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ہلاکتیں بڑھ کر 65 ہوگئی ہیں۔

مسلمان ممالک میں ملائیشیا 4817 کیسز کے ساتھ پانچویں، انڈونیشیا 4557 کیسز کے ساتھ چھٹے، متحدہ عرب امارات 4123 کیسز کے ساتھ ساتویں، قطر 3231 کیسز کے ساتھ آٹھویں، 2145 کیسز کے ساتھ مصر نویں اور الجیریا 1983 کیسز کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔

پاکستان کورونا کی خطرناک حد پر جارہا ہے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آہستہ آہستہ کورونا وائرس سے تباہی کے طرف بڑھنے کا خطرہ ہے جہاں اس سے اموات مغربی ممالک میں اموات کی سطح تک پہنچ جائیں گی اور خطرناک طور پر کم وسائل والے ہسپتالوں کو وائرس کے خلاف کھڑا کردیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ پر قومی یکجہتی پارہ پارہ کرنے کا الزام

وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اشاروں کنایوں میں وفاقی حکومت کے لیے اپنے تحفظات کااظہار کیا،  وزیر اعلیٰ سندھ کا نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی سے پہلے پریس کانفرنس کرنا کورونا کے خلاف قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔

ٹیلی سکول چینل کا افتتاح

وزیراعظم عمران خان نےٹیلی سکول چینل کاافتتاح کردیا، اس چینل کے ذریعے  کورونا  لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں  محدود ہوجانے والے طلبہ کو تعلیم دی جائے گی۔وزارت تعلیم اور پی ٹی وی کے اشتراک سے شروع کیے گئے چینل پرپہلی جماعت سے لے کر 12 ویں جماعت تک صبح 8 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک کلاسز ہوں گی۔

پاکستان کی سرحدیں مزید 2 ہفتے کیلئے بند

وزارت داخلہ نے تمام بارڈرز دو ہفتوں کے لئے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ، سرحدوں کو بند کرنے کا اعلان ملک میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔پاکستان کے بھارت، ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدی کراسنگ پوائنٹس مزید 14 روز کے لئے مکمل بند رہیں گے۔

بین الصوبائی سفر کیلئے پیشگی اجازت کا حکم معطل

سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا مشروط سفری پابندی پر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔چیف جسٹس گلزار احمد نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت یہ پابندی کیسے لگا سکتی ہے؟کس حکم کے تحت یہ پابندی لگائی گئی؟ جب کہ آرٹیکل 15 وفاقی حکومت کا دائرہ اختیار ہے۔

ڈاﺅ یونیورسٹی نے انٹراوینیس امیونو گلوبیولن تیار کر لی

ڈاﺅ یونیورسٹی کورونا علاج کیلئے گلوبیو لن تیار کرکے دنیا پر سبقت لے گئی ، آئی وی آئی جی کورونا کیخلاف جنگ میں اہم پیشرفت ہے ۔ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے جسم سے حاصل شفاف اینٹی باڈیز سے گلوبیولن تیار کی گئی ہے ، ماہرین نے گلوبیولن کی ٹیسٹنگ اور اینمل سیفٹی ٹرائل بھی کر لیاہے جو کہ کامیاب رہاہے ۔

ٹرینوں کو بند رکھنے کا فیصلہ

قومی کوآرڈینیشن اور آپریشن سینیٹر کے اجلاس میں ملک بھر میں ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ رمضان سے قبل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں