وہ یورپی ملک جس نے سرمایہ کاری کے بدلے پاکستانیوں کو شہریت دینے کا اعلان کردیا

وہ یورپی ملک جس نے سرمایہ کاری کے بدلے پاکستانیوں کو شہریت دینے کا اعلان کردیا

حالیہ سالوں میں پاکستانیوں نے بیرون ممالک جاکر وہاں کی شہریت حاصل کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے، جس کی بڑی وجوہات میں صحت و تعلیم اور محفوظ سرمایہ کاری کے بہتر مواقع شامل ہیں۔ دیگر ممالک کی شہریت حاصل کرنے والے پاکستانیوں میں سب سے زیادہ لوگوں نے طریقہ بھی سرمایہ کاری ہی کا اختیار کیا کہ کئی ممالک سرمایہ کاری کرنے والوں کو شہریت کی پیشکش کرتے ہیں۔ یورپی یونین کے بہت کم ملک ہیں جو پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے بدلے شہریت کی آفر کرتے ہیں تاہم اب ان چند ممالک کی فہرست میں مونٹے نیگرو کا اضافہ ہو گیا ہے۔

مونٹے نیگرو نے پاکستان او ردیگر ممالک کے شہریوں کے لیے ’شہریت بذریعہ سرمایہ کاری پروگرام‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت لوگوں کو سرمایہ کاری کرنے پر پورٹو مونٹے نیگرو کی شہریت دی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت شہریت حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو وہاں حکومت کے کسی منظور شدہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں ساڑھے 4لاکھ یورو (تقریباً 8کروڑ 46لاکھ روپے)کی سرمایہ کاری کرنی ہو گی۔ اس کے علاوہ 1لاکھ یورو (تقریباً 1کروڑ 88لاکھ روپے) مونٹے نیگرو حکومت کے ڈویلپمنٹ فنڈ کو عطیہ بھی کرنے ہوں گے۔

اس پروگرام کے تحت شہریت کی درخواست دینے والے شخص کے پاس قابل استعمال پاسپورٹ ہونا لازمی ہے اور اسے یہ بھی بتانا ہو گا کہ جو رقم وہ سرمایہ کاری اور عطیہ کے طور پر مونٹے نیگرو منتقل کر رہا ہے وہ جائز ذرائع سے حاصل کی گئی ہے۔ مونٹے نیگرو حکومت کے مطابق اس پروگرام کے تحت آئندہ 3سال کے دوران 2ہزار غیرملکیوں کو شہریت دی جائے گی۔ یہ تعداد پوری ہونے پر پروگرام ختم کر دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں