وہ پہلا پاکستانی فنکار جسے متحدہ عرب امارات کا10 سالہ گولڈن ویزا مل گیا

وہ پہلا پاکستانی فنکار جسے متحدہ عرب امارات کا10 سالہ گولڈن ویزا مل گیا

فخرعالم متحدہ عرب امارات کا 10سالہ گولڈن ویزا حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی فنکار بن گئے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق گلوکار و اداکار فخر عالم گزشتہ 17برس سے متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہیں۔ انہیں 27جون کو گولڈن ویزا جاری کیا گیا۔ فخر عالم پائلٹ بھی ہیں اور ان کے پاس یہ اعزاز بھی ہے کہ وہ سنگل انجن طیارے پر دنیا کا چکر لگانے والے واحد پاکستانی بھی ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ 2018ءمیں سرانجام دیا تھا۔ اس دوران فخر عالم کو امارات کا ثقافتی سفیر بھی مقرر کیا گیا۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے دنیا کے گرد چکرلگانے کے اس سفر کے دوران ہمہ وقت اپنے لباس پر پاکستان کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کا پرچم بھی لگائے رکھا تھا۔

گولڈن ویزا حاصل کرنے کے بعد فخر عالم کا کہنا تھا کہ ”میں بہت خوش ہوں اور اس کامیابی پر فخر محسوس کررہا ہوں۔ میں اماراتی حکام کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے کام کو دیکھتے ہوئے مجھے گولڈن ویزے کا اہل گردانا۔ اس سے مجھے مزید حوصلہ افزائی ملی ہے اور میں مستقبل میں مزید اچھا کام کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔“ فخرعالم کا کہنا تھا کہ”دبئی میں رہائش آپ کو دنیا چھونے کا حوصلہ دیتی ہے۔ میں جب امارات آیا تھا تو میں نے سمجھا تھا کہ میں کراچی میں واقع اپنے گھر سے 90منٹ کی دوری پر ہوں۔ میں امارات اور پاکستان دونوں جگہوں پر کام کرتا ہوں اور پاکستان میں کام کرکے واپس آ جاتا ہوں۔“

اپنا تبصرہ لکھیں