وہ بھارتی شخص جس نے دبئی میں پاکستانی شہری کو رہا کروا کر پاکستان بھجوا دی

وہ بھارتی شخص جس نے دبئی میں پاکستانی شہری کو رہا کروا کر پاکستان بھجوا دیا

)13 قیدیوں کو سزا پوری ہونے کے بعد ملک بدری کا سامنا تھا لیکن ان کے پاس ہوائی ٹکٹ خریدنے کے کوئی اخراجات نہیں تھے لیکن بھارتی کاروباری شخصیت نے انہیں واپس اپنے اپنے ممالک بھجوا کر ان کی زندگی میں رنگ بھر دیئے ہیں ، تمام کے تمام افراد 14 اکتوبر کو جیل سے رہا ہوئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کاروباری شخصیت ، پہال انٹر نیشنل ٹرانسپورٹ اور پہال ٹرسٹ کے چیئرمین جوگیندر سنگھ سالاریا نے 13 قیدیوں کیلئے وطن واپسی کی ٹکٹس کے اخراجات خود برداشت کیے ہیں ،ان قیدیوں کا تعلق پاکستان ، بنگلہ دیش ، یوگانڈا ، افغانستان ، نائیجریا ، چین اور ایتھوپیا سے ہے ، سالاریا کاکہناہے کہ یہ تمام افراد معمولی جرائم میں جیل میں قید تھے تاہم ان کی سزا پوری ہو چکی تھی ، لیکن بدقسمتی سے یہ تمام افراد ہوائی ٹکٹ خریدنے کی سکت نہیں رکھتے تھے ۔عرب میڈیا کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ان کا ٹرسٹ دبئی پولیس کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی کام کر رہاہے جس میں خون کے عطیے کی کمپینز بھی شامل ہیں ، اور اب ہم 13 لوگوں کو گھر بھیجنے میں ان کی مدد کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پیاروں سے مل سکیں ۔ان کا کہناتھا کہ پولیس حکام ہمیں قیدیوں کے ناموں کی فہرست فراہم کرتے ہیں جن میں سے زیادہ تر معمولی جرائم پر سزا کاٹ رہے ہوتے ہیں اور ان کے پاس واپس جانے کے وسائل نہیں ہوتے اور ساتھ ہی کوئی ان کی مدد کیلئے بھی نہیں آتا۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتی کاروباری شخصیت سالاریا نے تھر پارکرکے علاقے میں پانی کے 60 ہاتھ سے چلانے والے پمپ لگائے تھے جس نے عالمی دنیا کی توجہ بھی حاصل کر لی تھی ۔سالاریا 1993 سے دبئی میں ہی رہائش پذیر ہے اور وہ پاکستان میں فلاحی کام کرنے والے کارکنوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ میں رہتے ہیں ، اسی وجہ سے انہیں بھارتی ہم وطنوں سے بسا اوقات تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انسانیت پہلے ہے، دونوں ممالک کے عوام کا رہن سہن اور رسم و رواج ایک ہیں، انسانیت تڑپ رہی ہے ، مجھے بارڈرز کی پرواہ نہیں، جہاں بھی انسانیت کی مدد کرسکا، کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں