نیپال کے دارالحکومت میں بنگلہ دیش کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 17 افراد کو بچا لیا گیا، ریسکیو آپریشن جاری

نیپال کے دارالحکومت میں بنگلہ دیش کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 17 افراد کو بچا لیا گیا، ریسکیو آپریشن جاری

 بنگلہ دیش کا ایک مسافر طیارہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا،جس میں عملے سمیت 71 افراد سوار تھے تاہم ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اب تک 17 مسافروں کو بچا لیا گیاہے تاہم ہلاکتوں کے خدشے کا اظہار کیا جارہاہے لیکن ابھی تک اس حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات جاری نہیں کی گئیں ۔17 افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے جہاں ان کا اعلاج جاری ہے۔

نیپالی اخبار کھٹمنڈو پوسٹ کے مطابق بنگلہ دیشی یو ایس بنگلہ ایئرلائن کا طیارہ کھٹمنڈو میں ترائی بھون انٹرنیشنل ایئر پورٹ (ٹی آئی اے)کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ ٹی آئی اے کے ترجمان پریم ناتھ ٹھاکر کے مطابق بنگلہ دیشی ایئر لائن کا فوکر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے ہٹ گیا اور قریب واقع فٹبال سٹیڈیم میں گر کر تباہ ہوگیا۔

یو ایس بنگلہ ایئر لائن کی پرواز ایس 2 اے جی یو نے ڈھاکہ سے اڑان بھری اور 2 بج کر 20 منٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی۔ طیارہ حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ ٹی آئی اے حکام نے طیارے میں تکنیکی خرابی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں