نوجوان نے یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر سکریپ سے بنایا گیا بم ناکارہ بنوانے کیلئے پولیس سے مدد مانگ لی

نوجوان نے یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر سکریپ سے بنایا گیا بم ناکارہ بنوانے کیلئے پولیس سے مدد مانگ لی 

بھارت میں ایک نوجوان نے سکریپ سے بم تیار کر لیا اور پھر ایسا کام کر ڈالا کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس 25سالہ راہول پاگرے نامی نوجوان کا تعلق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگ پور سے ہے، جس نے یوٹیوب سے ویڈیوز دیکھ دیکھ کر بم تیار کر لیا اور جب بم بن گیا تو انجام کا سوچ کر اس کے ہاتھ پاﺅں پھول گئے اور اس نے بم اٹھایا اور پولیس سٹیشن جا کر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم نے پولیس سٹیشن جا کر پولیس والوں سے کہا کہ اس نے بم بنا تو لیا ہے لیے اسے بم کو ناکارہ بنانا نہیں آتا، چنانچہ ماہرین کو بلا کر اسے ناکارہ بنادیجیے۔پولیس کے مطابق ملزم اپنے ماں باپ کے انتقال کے بعد کرائے کے گھر میں اکیلا رہتا تھا اور ایک سیلون پر ملازمت کرتا تھا جو کورونا وائرس کی وباءآنے کے بعد سے بند ہے اور ملزم بے روزگار اور شدید تنہائی کا شکار ہونے کی وجہ سے ذہنی خلفشار کا شکار ہو چکا ہے۔

طویل لاک ڈاﺅن میں جب اسے اور کچھ نہ سوجھا تو اس نے یوٹیوب کی مدد سے بم بنانا شروع کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے سکریپ سے یہ بم تیار کیا۔ پولیس والوں نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو بلایا جنہوں نے آ کر بم کو ناکارہ بنایا۔ملزم کے تھانے آنے پر پولیس کی طرف سے انٹیلی جنس ایجنسی اور سٹیٹ اینٹی ٹیررسٹ سکواڈ کو بھی الرٹ کر دیا گیا تھا۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں