نواز شریف کی آمد، حکومت نے لاہور کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا

نواز شریف کی آمد، حکومت نے لاہور کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی لاہور آمد کے موقع پر لاہور کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ پولیس نے لاہور اسلام آباد موٹروے بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 10 ہزار اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جن میں حساس ادارے، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ڈالفن فورس اور سپیشل یونٹ کے اہلکار شامل ہوں گے۔ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے 2200 ٹرایفک وارڈنز ڈیوٹی دیں گے اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ائیر پورٹ جانے کیلئے شٹل سروس بھی چلائی جائے گی۔

لاہور میں لیگی کارکنوں کو ائیرپورٹ کی جانب جانے سے روکنے کیلئے پولیس نے مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز کھڑے کر دیئے ہیں اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مال روڈ، مزنگ، جاتی امراءاور دیگر سڑکوں پر کنٹینر رکھے گئے ہیں جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، بند روڈ، لکشمی چوک، بابو صابو انٹرچینج، مزنگ چونگی، ماڈل ٹاﺅن لنک روڈ، بھٹہ چوک، کینٹ کا داخلی راستہ، شاہدرہ چوک، آزادی فلائی اوور، رنگ روڈ، یتیم خانہ چوک ، ائیرپورٹ اور اردگرد کے علاقے بھی کنٹینر لگا کر بند کر دئیے جائیں گے۔

موٹروے پر ایم 2 پر پنجاب کی جانب آنے والے تمام انٹرچینجز کو بھی کنٹینر لگا کر بند کیا جائے گا جبکہ نیشنل ہائی ویز کو بھی جہاں جہاں ضرورت ہوئی بند کیاجائےگا۔سابق وزیراعظم اور مریم نواز شریف کو اڈیالہ جیل منتقل کئے جانے کی صورت میں اسلام آباد ائیرپورٹ جانے والے تمام راستے بھی سیل کر دئیے جائیں گے۔ لاہور اور اسلام آباد شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی کنٹینرز رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صبح اس فیصلے پر عملدرآمد کر لیا جائے گا۔ موٹروے اورنیشنل ہائی ویز بند کرنے آج رات سے عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

نواز شریف کی لاہور آمد کے پیش نظر ان کے استقبال کیلئے کارکنوں کی ریلی کو روکنے کیلئے کنٹینرز منگوا لیے گئے ہیں جن کے ذریعے ایئرپورٹ جانے والے تمام راستے بند کر دیئے جائیں گے۔ایئرپورٹ پر کل سخت سیکیورٹی انتظامات بھی کئے جائیں گے خاردار تاروں اور کنٹینروں سے راستے سیل کئے جائیں گے جبکہ سابق وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر صرف مسافروں اور ملازمین کو داخلے کی اجازت ہو گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں