نواز شریف نے کشمیریوں سے غداری کی اسی لئے انہیں نکالا گیا ،امریکہ و بھارت جو مرضی کہتے رہیں ؟کشمیر کی آزادی کا کیس لڑتا رہوں گا :حافظ محمد سعید

1112

امیر جماعۃ الدعوۃ  پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ میری کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، پاکستان اور کشمیر کی آزادی کا کیس لڑ رہا ہوں،اسی جرم کی پاداش میں غلامی کی زنجیروں میں جکڑے حکمرانوں نے مجھے نظربند کیا جبکہ آزاد عدلیہ نے انصاف کیا،جس دن پاکستان کے حکمران اپنے فیصلے خود کرنے لگ گئے تو باہر سے دباﺅ آنا بند ہو جائے گا، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی و تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے ، اس کے ایجنٹوں کو ملک سے باہر نکالنا ہوگا، بھارت سے مذاکرات مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجیوں کی واپسی سے مشروط ہونے چاہئیں ، نواز شریف نے کشمیریوں سے غداری کی اسی لئے انہیں نکالا گیا ،ہم نے اللہ کے دین کے لئے کام کرنا ہے، آزمائشوں کے بعد آسمانوں سے رب کی مدد آتی ہے،  جو دنیا میں سرخرو ہونا چاہتا ہے وہ اپنا جینا مرنا،دوستی دشمنی،لین دین سب کچھ اللہ کے لئے کر لے،اس طرح زندگی بسر کریں گے تو زندگی میں کامیابی ملے گی۔

دس ماہ کی نظربندی سے رہائی کے بعد جامع مسجد القادسیہ میں بڑے  اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےحافظ محمد سعید نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں ہونے والے دھماکے،خود کش حملوں میں بھارت ملوث ہے ، حکومت اپنی اصلاح کرے،جب تک کلبھوشن جیسے بدمعاش پاکستان میں آتے رہیں گے امن قائم نہیں ہو سکتا، ان کو ملک سے نکالنا چاہئے، اس سلسلہ میں بڑے بنیادی فیصلوں کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں انڈیا ملوث ہے لیکن کوئی نہیں بولتا۔انہوں نے کہا کہ نظربندیاں،پابندیاں،جماعت کے خلاف اقدامات بڑ ے عرصے سے ہو رہے ہیں،گھبراہٹ ،پریشانی والی کوئی بات نہیں، ہمارا دنیا میں کوئی مفاد نہیں،سارا مفاد اللہ کا دین ہے، دنیا ناراض ہوتی ہے تو ہو جائے، امریکہ و بھارت جو مرضی کہتے رہیں ہم نے اللہ کے دین کے لئے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے عدالت میں کھڑے ہو کر کہا کہ میرا مسئلہ ذات کا نہیں میں پاکستان کی آزادی،کشمیر کی آزادی کا کیس لڑ رہا ہوں، میرے خلاف وزارتوں کے نمائندے عدالتوں میں فائلیں لے کر پیش ہوئے کہ ہمیں قرضے نہیں ملیں گے،قسطیں نہیں ملیں گی، میں نے کہا کہ میری گرفتاری سے ملک چلے گا اور آزادی سے نہیں چلے گا ؟ یہ مفروضہ غلط ہے، سود کی قسطیں ادا کرنے کے لئے قرض مانگا جا رہا ہے،مسلمان ملک سودی کاروباروں پر نہیں چل سکتے، قرضوں کے حصول کے لئے شرطیں لگائی جاتی ہیں کہ حافظ محمد سعید کو گرفتار کرو،کشمیر کی بات نہ کرو، پاکستان کے حکمران اور  قانون سازیاں کرنے والے اللہ کے دین پر کھڑ ے ہو جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو خط لکھا تھا کہ سارا ملک سودی قرضوں پر چلاتے ہو، اللہ کا قرآن کہتا ہے کہ اگر مومن ہو تو سودلینا دینا ظلم ہے، پاکستان کے بڑے مسائل ہیں، تجوریاں بھرنے،کرپشن کرنے کے لئے سب کچھ کر رہے ہیں، بیرونی طاقتیں پاکستان کی اس قوت سے خائف ہیں جو اللہ کے دین کے لئے کھڑے ہیں، اللہ تعالیٰ نے پاکستان نعمت کے طور پر دیا، آج کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہو ا ہے ہم نے اسے آزاد کروانا ہے، پاکستان کی آزادی کشمیر کی آزادی کی ضامن ہے، پاکستان جب فیصلے خود کرے گا تو پھر کوئی دباﺅ نہیں آئے گا، ہمارے پاس آزادی کا نعرہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ ہے، جنہوں نے پاکستان بنایا تھا انہوں نے یہی نعرہ لگایا تھا ، پاکستان کو ہر صورت میں آزاد ہونا چاہئے، کشمیر کو بھی آزادی ملنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آزمائش اللہ کی طرف سے آتی ہے اور جب استقامت ہو تو مدد بھی اللہ کی طرف سے آتی ہے، جو لوگ قربانیاں دیتے ہیں اللہ ان کے لئے راستے صاف کرتا ہے، نبی کریم ﷺ کے سر پر اللہ نے ختم نبوت کا تاج سجایا اور کہا کہ اِس کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا، نبی کریم ﷺ نے اسلامی معاشرے کی تشکیل کی، نبوت کا سلسلہ ختم ہونے کی وجہ سے سب کام اسی امت نے کرنے ہیں، دنیا میں جتنے سیاسی،معاشی مسائل،دہشت گردی،افراتفری،حقوق کا غصب و دیگر مسائل ہین ان کا حل امریکہ و اقوام متحدہ،مغربی ممالک کے پاس نہیں بلکہ مسلمانوں کے پاس ہے، دنیا میں امن و امان کیوں قائم نہیں ہو رہا؟اس کی ذمہ داری مسلم حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، جب تک مسلمان کردار ادا نہیں کریں گے زمین پر امن قائم نہیں ہو سکتا، دوستی و دشمنی کا معیار اللہ کے لئے ہونا چاہئے، ہم نے اسی منہج پر کام کرنا ہے۔دین اسلام کی سربلندی کے لئے سب کچھ قربان ہے، اللہ کے دین کی جتنی مدد کرو گے اللہ تمہاری مدد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جو دنیا میں سرخرو ہونا چاہتا ہے وہ اپنا جینا مرنا،دوستی دشمنی،لین دین سب کچھ اللہ کے لئے کر لے۔اس طرح زندگی بسر کریں گے تو زندگی میں کامیابی ملے گی۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ نے امریکہ کو کہا کہ شکست تمہیں ہوئی اور غصہ ہم پر نکال رہے ہو، امریکہ غاصب ،ظالم ہے ۔جسدن پاکستان کا وزیر اعظم یہ کہے گا کہ افغانستان مسلمانوں کا ملک ہے امریکہ کا کوئی حق نہیں اسی دن افغانستان کا مسئلہ حل ہو جائے گااور امریکہ یہاں نہیں رہے گا، جس دن مودی سے صاف صاف کہا کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج ظالم ،غاصب ہے،کشمیر کا اس میں کوئی حق نہیں اس کو نکالو، مذاکرات کریں گے لڑائی نہیں چاہتے لیکن اصول یہ ہے کہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ہے، مسلمانوں کو شہید کیا گیا، آنکھیں ضائع کی گئیں، اجتماعی قبریں مقبوضہ کشمیر میں دریافت ہو رہی ہیں، ظلم کی اندھری رات مچا رکھی ہے، بھارت کشمیر سے نکل جائے اس بنیاد پر مذاکرات ہوں گے تو کشمیر کی آزادی کا راستہ ہموار ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اب نواز شریف کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟میں بتاتا ہوں کہ تم نے کشمیریوں سے غداری کی ، جو حلف پڑھتے ہو اس میں پاکستان کے ساتھ کشمیر کی حفاظت بھی شامل ہے، جب حلف سے غداری کرو گے تو پھر اس کے نتائج بھی آئیں گے، اگر رویئے درست نہیں کرو گے تو پھر یہی کچھ ہوتا رہے گا، دنیا پاکستان کی دشمن ہے، آج اسلام کا دفاع کرنے والا،مسلمانوں کا محافظ پاکستان ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں