موٹروے پر 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتا نوجوان، پولیس والے نے چالان کاٹ کر وجہ پوچھی تو آگے سے ایسی بات کہہ دی کہ پولیس اہلکار بھی ہنسنے پر مجبور ہوگیا

1

برطانوی قصبے کیرشا کاﺅنٹی کے قریب انٹرسٹیٹ 20 موٹروے پر رفتار کی بالائی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے لیکن پولیس اہلکار یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ وہاں آدھی رات کے وقت ایک گاڑی 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے فراٹے بھرتی جا رہی تھی۔ پولیس اہلکاروں نے اس گاڑی کا تعاقب شروع کردیا اور کافی تگ و دو کے بعد اسے روکنے میں کامیاب ہوگئے۔ وہ توقع کر رہے تھے کہ ڈرائیور کسی سنگین نوعیت کی ایمرجنسی کی وجہ سے ایسی خطرناک رفتار پر جا رہا تھا لیکن گاڑی سوار لڑکے نے تیز رفتاری کی ایسی وجہ بتا دی کہ بیچارے اہلکار ایک دوسرے کا منہ دیکھنے لگے۔
ویب سائٹ WLTXکی رپورٹ کے مطابق 20 سالہ لڑکے لیام بکلی نے بتایا کہ اسے اس کی محبوبہ نے اچانک آدھی رات کے وقت ملنے کے لئے بلایا تھا، جس پر اسے کچھ ہوش ہی نہ رہا تھا اور اسے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ کس رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

پولیس افسر جم میتھیوز کا کہنا تھا کہ اس موٹروے پر ٹریفک کے ہجوم کی وجہ سے اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں اور یہاں 100 میل فی گھنٹے کی رفتار بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے لیکن اس لڑکے نے تو غیر ذمہ داری کی حد ہی کردی، وہ 220 کی رفتار پر جا رہا تھا۔
پولیس اس دیوانے عاشق کو حراست میں لے کر کیریشا کاﺅنٹی ڈیٹینشن سنٹر لے گئی اور یوں اس نے رات اپنی محبوبہ کی بجائے پولیس کے پاس گزاری۔ اسے 440ڈالر کا جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ لائسنس پر سزا کے طور پر 6 پوائنٹ ملیں گے اور گاڑی کے انشورنس پریمیم کی فیس بھی زیادہ دینی پڑے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں