مقصود الہٰی کی کتاب پوپ کہانی کے موضوع پر

نام کتاب: پوپ کہانی ۔ ٢ مصنف: مقصود الٰہی شیخ سنِ اشاعت: ٢٠١٢ئ
پبلشر: فریدہ شیخ معاون ساجد فضلی مبصرہ: ڈاکٹر رضیہ حامد
ملنے کے پتے: ویلکم بک پورٹ مین اردو بازار کراچی۔٭ مسٹر بکس سپرمارکٹ اسلام آباد۔
٭ گلبن ٣٠۔٣١ حسن گارڈن کالونی کامتا چنہٹ لکھنؤ۔ ٢٢٧١٠٥
مقصود الٰہی شیخ کئی برسوں سے برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں سکونت پذیر ہیں۔ انگلستان میں رہ کر اپنی مادری زبان اردو کی بڑی دلجمعی سے خدمت کررہے ہیں ۔ انہوں نے وہاں سے ہفت روزہ ‘راوی’ جاری کیا۔ اس کے بعد ‘مخزن’ نام سے ضخیم جریدہ شائع کیا جس کا دسواں شمارہ منظرعام پر آنے والا ہے۔ مقصود الٰہی شیخ کی ادب میں آمد ایک افسانہ نگار کے طور پر درج ہے ۔ اس کے بعد انہوں نے میدان صحافت میں قدم رکھا۔ ان دونوں میدانوں میں وہ کامیاب رہے ہیں۔ مقصود الٰہی شیخ ‘پوپ کہانی’ کے نام سے کہانی کی ایک نئی جہت کی طرف قدم بڑھائے ہیں۔
زیرتبصرہ کتاب پوپ کہانی۔ 2کو شیخ صاحب نے پانچ حصّوں میں تقسیم کیا ہے۔ پہلے حصے کی ابتدأ میں مقصود الٰہی شیخ نے ‘جنگل اداس نہیں’ عنوان کے تحت بتایا ہے کہ پوپ کہانی کیا ہے ؟ اسکے کئی جواب دیئے ہیں ، ایک جواب ملاحظہ کریں:
پوپ کہانی کیا ہے حساسیت کا پرتو! تتلی یا جگنو کا مٹھی میں آجانا دست پشت پر بھڑکے کاٹنے کی تکلیف کا بیان۔
پہلے حصہ میں ٢٩ کہانیاں ہیں۔ دوسرے میں ٢٠ کہانیاں شامل ہیں۔ تیسرے حصہ میں پوپ کہانیوں کے بارے میں دانشوروں کی آرا درج ہیں۔ چوتھے حصّے میں پوپ کہانیاں چھپنے کے بعد اخبار و رسائل میں تبصرے شائع ہوئے ان میں سے ٢ انگریزی اور دو اردو کے تبصرے دیئے ہیں۔ اس میں مقصود الٰہی شیخ کی کتابوں کی فہرست بھی شامل ہے۔ پانچویں حصّہ میں راہ میں ان سے ملاقات ہوگئی کے عنوان کے تحت پاکستان اور ہندوستان کے ٧ دانشور و ادیب حضرات کے ذریعہ پوپ کہانی کے بارے میں جائزے اور اظہارِ خیال درج کئے گئے ہیں۔
مقصود الٰہی شیخ کی پوپ کہانی کا انداز بیان منفرد ہے۔ ان کہانیوں میں وہ اپنی بات کبھی بہت مختصر انداز میں بیان کرتے ہیں اور کہیں ذرا تفصیل آجاتی ہے مگر یہ افسانے سے قریب نہیں ہوتی۔ مقصود الٰہی شیخ نے پوپ کہانی اور افسانچہ کے درمیان فرق کو بڑی خوش اسلوبی سے بتایا ہے ۔ انہوں نے اپنی کہانیوں میں دنیا میں لوگوں کو درپیش مسائل کو پیش کیا ہے جن میں آئے دن تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔
کتاب پوپ کہانی۔2کے آخر میں مقصود الٰہی شیخ اور ان کے ذریعہ لکھی گئی پوپ کہانیوں پر کئی ادیبوں اور دانشوروں کے مضامین اردو وانگریزی شامل ہیں۔ کتاب کا سرورق نیویارک میں مقیم پاکستانی آرٹسٹ و قلمکار ممتازحسین نے تیار کیا ہے۔ کتاب کی پشت پر مقصود الٰہی شیخ کی تصویر اور علی سفیان آفاقی کی پوپ کہانی اور شیخ صاحب کے متعلق رائے درج ہے۔
ادب میں نئے نئے تجربے کرنے کے لئے شیخ صاحب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ کتاب میں قیمت درج نہیں۔
٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں