فراڈیا عامل بابا

وسیم ساحل
 یورپ کے بہت سے ممالک کے باشندے بھی پاکستان اورانڈیا کیطرح تہمات، جن بھوت کا سایہ اور جادو ٹونا پر یقین رکھتے ہیں اور آئے دن نوسر باز ان کو محبوب کی واپسی اور حالات کی بہتری کا جھانسہ دے کر لوٹتے رہتے ہیں، ایسی ہی ایک مثال بارسلونا میں پیش آئی، جہاں بارسلونا کی کرائم پولیس نے ایک عورت کو اس کے خاوند سے دوبارہ ملوانے کا جھانسہ دیکر 1لاکھ یورو ہتھیانے والے ’عامل بابا‘ کو گرفتار کر لیا۔ بارسلونا کی کرائم پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 33سالہ گینیاء سے تعلق رکھنے والا تارک وطن بارسلونا کے نواحی شہر ’ہوسپیتالیت دے یوبریگات‘ میں رہائش پذیر ہے۔ پولیس میں ایک خاتون نے شکایت درج کروائی تھی کہ عامل بابا نے مئی2014 سے فروری2015 کے دوران436,94 یورو اس سے وصول کئے تھے۔ عورت کے مطابق اس عرصہ کے دوران وہ ایک فیملی ممبر کی وفات کے بعد شدید ذاتی مشکلات کا شکار تھی اور اپنے خاوند سے طلاق کا عمل مکمل ہونے کا انتظار کر رہی تھی۔ پریشانی کے اس عرصہ کے دوران اس کی نظر عامل بابا کی جانب سے دیئے جانے والے اشتہار پر پڑی، جس میں اس نے کسی بھی شخص کی مشکلات چٹکیوں میں حل کرنے کا دعوی کیا تھا۔ رابطہ کرنے پر عامل نے خاتون سے کہا کہ اس کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے دائرہ کھینچنا پڑے گا۔ جس کے لیے 3مگرمچھ قربان کرنے پڑیں گے۔ عامل بابا نے خاتون سے رقم لینے کے بعد اسے بتایا کہ مگرمچھوں کی قربانی دینے سے قبل ایک عمل کرنا ہوگا۔ عامل نے خاتون کو ہوسپیتالیت دے یوبریگات کے ایک گھر میں بلا لیا۔ جہاں ’عمل‘ کے دوران اس کے بازوئوں پر ریت جیسی کوئی چیز ملی اور اسکے اوپر کوئی مائع محلول بہا دیا، جس سے کمییائی عمل کے ذریعہ دھواں نکلنا شروع ہو گیا۔ اس پہلے عمل سے گذرنے کے بعد خاتون کے مطابق اسے یقین ہو گیا کہ عامل بابا اس کو مشکلات سے نکال دے گا۔ جس پر اس نے عامل کو رقم فراہم کرنا شروع کر دی۔ جو بڑھتے بڑھتے بالآخر 436,94یورو کو جا پہنچی۔ کچھ عرصہ گذرنے کے بعد خاوند کو دوبارہ حاصل نہ کر پانے پر، خاتون نے عامل بابا سے تمام رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا، جو کہ اس کی جمع پونجی تھی، جس پر خاتون کا عامل کے ساتھ200,48 یورو کی واپسی کا معاہدہ طے پا گیا۔ کرائم پولیس کی تفتیش کے مطابق اس طرح کے فراڈ میں 3افراد ملوث ہیں۔ ایک عامل اور 2 مزید افراد جو کہ گاڑیوں اور گھروں میں عامل کی تشہیر کے اشتہار پھینکتے ہیں اور مشکلات کا شکار لوگوں کو جھوٹے وعدوں کے ساتھ اپنے جال میں پھنساتے ہیں
اپنا تبصرہ لکھیں